"میڈیکل ایمرجنسی ہے، کون سے پٹرول پمپ سے پٹرول ملے گا" کراچی کے شہری نے یہ سوال پوچھا تو آگے سے کیا جواب ملا؟ جان کر آپ کا سر بھی فخر سے بلند ہوجائے

"میڈیکل ایمرجنسی ہے، کون سے پٹرول پمپ سے پٹرول ملے گا" کراچی کے شہری نے یہ ...

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاک ڈاؤن کی وجہ سے شہر قائد میں پٹرول کی قلت کا مسئلہ بڑھتا جارہا ہے ، اکثر پٹرول پمپس پر پٹرول دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مسائل کا سامنا ہے، ایمرجنسی صورتحال میں بھی بعض اوقات پٹرول دستیاب نہ ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسے ہی ایک شہری نے جب اپنی مشکل بیان کی تو شہر قائد کے باسی بڑھ چڑھ کر اس کی مدد کو آگے آگئے۔

ایک شہری نے فیس بک پر کہا کہ انہیں میڈیکل ایمرجنسی ہے، کوئی بتاسکتا ہے کہ کراچی میں کس پٹرول پمپ سے پٹرول مل سکتا ہے۔ ان کے اس سوال پر بہت سے لوگوں نے پٹرول سیل کرنے والے پمپس کے ایڈریس بتائے جبکہ بہت سے لوگ ایسے بھی تھے جنہوں نے میڈیکل ایمرجنسی کیلئے اپنی خدمات پیش کردیں۔

عبدالحسیب نے  پیشکش کی کہ وہ 3 سے 4 لٹر پٹرول فراہم کرسکتے ہیں۔ نعمان خان نے کہا کہ اگر لیاقت آباد تک پہنچ جائیں تو وہ پٹرول فراہم کردیں گے۔

سمیر گیلانی نے ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے والے شہری کو اپنی کار پیش کردی۔

انس محمود نے کہا کہ  انہوں نے بوتلوں میں پٹرول رکھا ہوا ہے، اگر کورنگی ایریا میں کسی کو بھی ایمرجنسی ضرورت ہے تو وہ صرف انہیں ایک میسج کردے ۔

ابراہیم رضا بخاری نے کہا کہ اگر زیادہ ایمرجنسی ہے تو وہ اپنی کار سے پٹرول نکال کر دے دیں گے۔

مذکورہ بالا پوسٹ پر کراچی کے مختلف علاقوں سے ایسے لوگ بھی سامنے آئے جو اپنی کار  یا کار سے پٹرول نکال کر دینے کو تیار تھے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -