وزیر اعظم نے تمام تقریبات،پروگراموں میں اردو زبان استعمال کرنیکی ہدایت کردی

وزیر اعظم نے تمام تقریبات،پروگراموں میں اردو زبان استعمال کرنیکی ہدایت کردی

  

  اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ان کی تمام تقریبات اور پروگرامات میں قومی زبان اردو کا استعمال کرتے ہوئے مرتب کیے جائیں۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیہ میں ہدیات جاری کی گئی ہیں کہ وزیراعظم جن تقریبات یا پراگراموں میں شرکت کریں، ان میں اردو زبان کا استعمال کیا جائے،اس سلسلے میں کہا گیا کہ متعلقہ اداروں اور افراد کو وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد کیلئے درکار اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی سیاسی امور شہباز گل نے کہا وزیراعظم عمران خان نے احکامات دیے ہیں کہ ان کیلئے مرتب اور منعقد کیے جانیوالے تمام پروگرام، تقاریب، کانفرنس اور ایونٹ آج کے بعد قومی زبان اردو میں مرتب کیے جائیں گے۔ قومی زبان ہمارا فخر ہے اور جب دوسرے ممالک اپنی اپنی قومی زبان استعمال کرتے ہیں تو ہم کیوں نہیں؟۔شہباز گل نے کہا وزرا ء اور سرکاری افسران کو بھی ہدایات جاری کی جائیں گی کہ اپنا پیغام و تقاریر اپنی قومی زبان میں عوام تک پہنچائیں۔ ہمارے عوام کی زیادہ تعداد انگریزی زبان نہیں سمجھتی، عوام کی توہین مت کریں اور وزیراعظم چاہتے ہیں جب بھی کوئی عوام سے جڑا پیغام یا تقاریر نشر ہوں، تو وہ ہماری قومی زبان اردو میں ہوں۔واضح رہے وزیر اعظم اس سے قبل سرکاری اداروں سمیت دیگر اہم امور کی انجام دہی کیلئے اردو کے بطور سرکاری زبان استعمال پر زور دیتے رہے ہیں۔یاد رہے 2015ء میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے ارد و کو سرکاری زبان کے طور پر فوری نافذ کرنے کا حکم دیا تھا۔چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی فل بینچ نے اردو کو بطور سرکاری زبان رائج کرنے سے متعلق کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔عدالت عظمیٰ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو آرٹیکل 251 فوری طور پر نافذ کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا تھا آئین کا اطلاق ہم سب پر فرض ہے، چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے فیصلہ بھی اردو میں پڑھ کر سنایا تھا۔وفاقی کابینہ نے پاکستان کی قومی زبان اردو کو سرکاری زبان بنانے کے احکامات مئی 2014 ء میں جاری کیے تھے جن پر ایک سال بعد عملدرآمد شروع کردیا گیا تھا۔ادھرڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے وزیر اعظم عمران خان کا تمام سرکاری تقریبات میں اردو زبان کے استعمال کی ہد ا یت دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی قومی زبان اردو پر فخر ہے، اپنے ٹوئٹ میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا2018ء میں جب ڈپٹی سپیکر بنا تو فیصلہ کیا تھا قومی اور عوامی مفاد میں ایوان زیریں قومی زبان اردو میں چلاؤں گا، اب وزیر اعظم عمران خان کا تمام سرکاری تقریبات میں اردو زبان کے استعمال کی ہدایت کرنا بہتر ین فیصلہ ہے، ہمیں اپنی قومی زبان اردو پر فخر کرنا چاہیے۔

اردو زبان

مزید :

صفحہ اول -