افغان مشیر قومی سلامتی کو شرم آنی چاہیے،انکی تقریر سن کر میرا خون کھول رہا ہے:وزیر خارجہ
ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا بیانیہ امن کا بیانیہ ہے۔ افغانستان کے مشیر حمد اللہ محب امن میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ خدانخواستہ افغانستان میں خانہ جنگی ہوگی توپاکستان کونقصان ہو گا۔ملتان میں شاہ رکن عالم انٹرچینج پر پی ٹی آئی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا افغانستان سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی سوچ کوآج دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے، پاکستان پرالزام لگانے والے آج مذاکرات پرقائل ہوگئے ہیں، افغانستان میں امن واستحکام کیلئے ہماری کاوشیں جاری رہیں گی۔ افغانستان کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کان کھول کرسن لو، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں، افغانستان کے نیشنل ایڈوائزرنے اگرزبان درازی بند نہ کی توکوئی پاکستانی تم سے ہاتھ ملائے گا نہ گفتگوکرے گا، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرخارجہ شاہ محمود افغانستان میں امن کیلئے جاتے ہیں، ہمسایہ ملک کے نیشنل ایڈوائزر کو شرم آنی چاہیے، افغانستان کے مشیر کی ننگرہارکی تقریرسن کرمیرا خون کھول رہا ہے۔ افغانستان میں جنگ سے مسئلہ حل نہیں ہوا، افغانستان میں دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی کے باوجود فوجی میدان میں کامیابی نہیں ہوئی، ہمسایہ ملک میں مسئلے کا حل صرف مذاکرات ہے،افغانوں کو مل بیٹھ کراپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، افغانستان میں امن سے پاکستان کوفائدہ ہوگا، افغانستان میں خانہ جنگی پاکستان اورخطے کے مفاد میں نہیں، وزیر خارجہ نے کہا کچھ طاقتوں نے فیٹیف کے پلیٹ فارم کوسیاست کی نذرکرنے کی کوشش کی، فیٹف اجلاس میں پاکستان کی کوششوں کوسراہا گیا،فیٹیف میں ہمیں کامیابی مل رہی ہے، اب پاکستان کومزید گرے لسٹ میں رکھنے کا جوازنہیں رہ گیا، مسلم لیگ کی حکومت سے ہمیں گرے لسٹ ملی تھی، عمران خان کی قیادت میں گرے لسٹ سے نکل کر ملک سفید لسٹ کی طرف بڑھ رہا ہے، اگرفیٹیف میں میرٹ پر فیصلہ ہوا تواگلے ماہ پاکستان کوکامیابی ملے گی۔انہوں نے کہا غزہ میں 25منٹ پر125بم گرائے گئے۔ پاکستان نے اوآئی سی کے ساتھ مل کرجنیوا میں قرارداد پیش کی، جنیوا میں قرارداد ہماری دوسری کامیابی تھی۔ اوآئی سی،عرب لیگ کے پلیٹ فارم سے فلسطین کا مقدمہ پیش کیا، سلامتی کونسل کی چارنشستیں بے نیتجہ رہی، پا کستا ن نے اوآئی سی کے پلیٹ فارم پرفلسطین کی وکالت کی۔ پارلیمنٹ،سینیٹ کی متفقہ قرارداد نے ثابت کردیا فلسطین، کشمیرمسئلے پر قوم ایک ہے، جس طرح دبانگ دہل فلسطینیوں کا مقدمہ لڑا، مارچ 2022ء کو اسلام آباد میں پورے عالم اسلام کے وزرائے خارجہ کواکٹھا کرکے کشمیریوں کا مقدمہ لڑوں گا۔ کروڑوں لوگوں نے سوشل میڈیا پرمیرا دفاع کیا، میرا انٹرویو 30لاکھ لوگوں نے دیکھا معمولی بات نہیں۔ جب یہودی لابی نے سوشل میڈیا پرمجھ پرحملہ کیا توپاکستان کے بچے،بچے نے میرا دفاع کیا۔ پی ڈی ایم کا قبلہ ایک نہیں مگرمقصد بند گلی سے فرارکا راستہ مل جائے، پی ڈی ایم کوکہوں گا آگ لگ گئی تمہارے اتحاد کو ملتان کے چراغ سے، یہ کیسی حزب اختلاف ہے کہتی ہے میں نا مانوں، ملتان نے ہرسیاسی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردارادا کیا ہے۔بجٹ سے متعلق انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بجٹ کوکوئی خطرہ نہیں، بجٹ کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہے۔
وزیرخارجہ