مسجد اقصیٰ کے تحفظ کیلئے عالم اسلام مشترکہ فورس تشکیل دے: سراج الحق 

مسجد اقصیٰ کے تحفظ کیلئے عالم اسلام مشترکہ فورس تشکیل دے: سراج الحق 

  

لاہور(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے تحفظ کیلئے عالم اسلام مشترکہ فورس تشکیل دے، جن ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے وہ اپنا فیصلہ واپس لیں۔ہفتے کو مسئلہ فلسطین اور درپیش مسائل پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی لحاظ سے مضبوط لیبیا میں جنگ اور آج شام کے بحران کا فائدہ اسرائیل اٹھا رہا ہے، مسلمانوں کو رنگ، نسل اور ذات کی بنیاد پر لڑایا جا رہا ہے، غزہ کی تعمیر نو کی تمام تر ذمہ داری او آئی سی پر ہے،غزہ کی تعمیر نو عالم اسلام کا فرض بھی ہے،جن ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے وہ اپنا فیصلہ واپس لیں۔سراج الحق نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان محفوظ ہو،کشمیر کی آزادی کی تحریک کو نتیجہ خیز بنانا ہو گا، جب ہم کشمیر کی بات کرتے ہیں تو اصل میں پاکستان کی بات کرتے ہیں، ہم جب آزاد فلسطین کی بات کرتے ہیں تو عالم اسلام کو بچانا چاہتے ہیں۔پاکستان سمیت پوری دنیا میں فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حمایت کیلئے نکلنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں،امت مسلمہ کو متحد ہو نا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ قوم سے اپیل کرتا ہوں اجتماعی طور پر مسئلہ کشمیر، فلسطین اور افغانستان میں امن کیلئے کام کیا جائے، جماعت اسلامی نے اپنے ترک بھائیوں سے مل کر فلسطینی بھائیوں کیساتھ تعاون کیا ہے۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -