ایکسائز وردیوں میں   ملبوس ملزمان گرفتار 

  ایکسائز وردیوں میں   ملبوس ملزمان گرفتار 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(کرائمز رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے سرگرم راہزن گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان ایکسائز وردیوں میں ناکہ بندی کر کے مال بردار گاڑیوں کو لوٹنے سمیت شہریوں سے کاغذات چیکنگ کے بہانے قیمتی گاڑیاں بھی چھینتے تھے، گرفتار ملزمان میں سے ایک سابقہ پولیس اہلکار ہے جس کو محکمہ پولیس سے برخاست کیا گیا ہے، ملزمان کاتعلق چارسدہ، مردان اور باجوڑکے علاقوں سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ مردان میگا مارٹ ڈکیتی میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے،  جن کے قبضے سے تین سو کنستر گھی، سات عدد ریفریجریٹر، دو عدد ائیر کنڈیشنر، تین عدد چھینی گئی گاڑیاں،ایکسا ئز وردیاں، بیجز، ٹوپیاں اور اسلحہ بھی برآمد لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے تفصیلات کے مطابق مدعی منصف عرف پہلوان ولد رحمت اللہ ڈرائیور کوہ نور گھی کمپنی نے تھانہ داودزئی پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ چارسدہ روڈ نزد شا لم پل کے قریب چند افرادجوکہ محکمہ ایکسائز کی وردی میں ملبوس تھے نے ناکہ بندی پر روک کر زبردستی گھی سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہوئے جس کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ایس پی رورل سجاد حسین کی نگرانی میں اے ایس پی چمکنی احمد زنیر چیمہ اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی، ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے تمام اہم شواہد اکٹھے کئے جس کے دوران گروہ کا سراغ لگا کر گزشتہ روز ایس ایچ او تھانہ داودزئی عمران اللہ اور ایس ایچ او تھانہ شاہ پور افتخار خان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان فرہا د علی ولد اسحاق،ابرار ولد شمس الحق، عامر ولد انور اور فرہا د ولد ما ما جان کو گرفتار کر لیا، چاروں ملزمان کا تعلق ضلع چارسدہ، ضلع مردان اور باجوڑ کے مختلف علاقوں سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران ایکسائز وردی میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے مردان میگا مارٹ ڈکیتی میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف کیا جن کے قبضہ سے تین سو عدد گھی کنستر، 7 عدد ریفریجریٹر، دو عدد ائیر کنڈیشنر، تین عدد مختلف چھینی گئی گاڑیاں، ایکسائز وردیاں، بیجز، ٹوپیاں اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، ملزم ابرار سابقہ پولیس اہلکار ہے جس کو محکمہ پولیس سے برخاست کیا گیا ہے، چاروں ملزمان نے دیگر اضلاع میں بھی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے جس کے حوالے سے دیگر اضلاع پولیس کے ساتھ رابطہ قائم کر لیا گیا ہے، ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے