اپوزیشن سے بہتر تعلقات کے خواہاں‘ فواد چودھری

اپوزیشن سے بہتر تعلقات کے خواہاں‘ فواد چودھری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا اپنا اصل کام نکاح وغیرہ کروایا کریں سیاست ان کا کام نہیں ہے‘ مریم نواز نے ن لیگ پیپلز پارٹی کے حوالے کر دی وہ تو بعد میں طلاق ہو گئی لگتا ہے مولانا کے چھوارے اتنے تگڑے نہیں تھے کہ یہ شادی برقرار رہتی، انہیں اپنا کندھا دوبارہ پیش کرنا پڑے گا‘مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کے باعث پاکستان جس گرداب میں پھنسا تھا اب اس سے باہر آ گیا ہے‘ شہبازشریف اور مریم نواز کا جھگڑا ختم ہو تو ن لیگ فیصلہ کرے کہ اس کی پالیسی کیا ہے، اسی طرح بلاول بھٹو اور ادی فریال تالپور کی پالیسیاں آپس میں جڑیں تو پھر فیصلہ کریں گے پیپلز پارٹی کی پالیسی کیا ہے جب یہ دونوں واضح ہوجائیں گے تو فضل الرحمان کو پتہ چلے گا کہ وہ کیا چاہتے ہیں، اپوزیشن تنکوں کی طرح بکھری ہوئی ہے لیکن پھر بھی ہم حزب اختلاف کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے خواہاں ہیں، الیکشن اور عدالتی اصلاحات جیسے معاملات پر اپوزیشن کا بہت اہم کردار ہے، اور اسے حکومت کا ساتھ دینا چاہیے‘ اتحادی جماعتوں نے بجٹ میں حمایت کا یقین دلایا ہے، بجٹ میں عام آدمی کے لیے ریلیف ہو گا اور ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا جا رہا ہے‘آئندہ انتخابات کی پالیسی کے حوالے سے فیصلے حکومت نے کرنے ہیں، الیکشن کمیشن کا کام ان فیصلوں پر عملدرآمد کرنا ہے، الیکشن کمیشن سے ملاقات کریں گے جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو استعمال کرنے پر زور دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک جس گرداب میں پھنسا ہوا تھا، الحمد للہ آج اس سے باہر آگیا ہے۔ بجٹ کے بنیادی اہداف کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ہماری گزشتہ سالوں کی کارکردگی کا عکاس ہوگا، اس سے ہماری مشکلات میں کمی آئے گی۔ ترقیاتی بجٹ میں اضافہ، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف، مہنگائی میں کمی کے لئے اقدامات سمیت آمدن میں اضافے پر بنیادی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق فنانس ٹیم بجٹ تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کی وباسے لڑ رہی ہے، ہمارے ہمسایہ ملک بھارت کی معیشت اس وقت منفی 7.3 سے نیچے ہے، دیگر ممالک میں بھی معاشی حالات کافی تبدیل ہوئے ہیں لیکن ہمارے ہاں صورتحال بالکل مختلف ہے، ہماری معاشی صورتحال مستحکم اور بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن کے ساتھ انتخابی اصلاحات پر بات چیت کے لئے تیار ہیں۔ ایک اور سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی، اے پی پی، سٹیل مل اور پی آئی اے میں بے پناہ سیاسی بھرتیاں کی گئیں، پی ٹی وی کے اندر 2008سے 2018تک 2200 لوگ بھرتی کئے گئے، ان میں سے 5 فیصد لوگ بھی میرٹ پر بھرتی نہیں کئے گئے، اس کے ساتھ ساتھ اے پی پی میں بنیادی کام جرنلسٹس کا ہے، ان کی تعداد 300 سیزیادہ نہیں ہے جبکہ 600 سے زائد ملازمین غیر صحافی(انتظامی)عہدوں پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ آج کہہ رہے ہیں کہ میرے ساتھ ظلم ہو گیا ہے، جتنا ظلم انہوں نے اداروں کے ساتھ کیا ہے، انہیں ڈیڑھ سو سال جیل میں رکھنا چاہئے  چوہدری فواد حسین نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ کرہ ارض پر بسنے والے ہر انسان کو ماحول دوستی کا فرض ادا کرنا ہوگا،وقت کی پکار ہے کہ انسانیت عالمی اتحاد بنا کر ماحول کا تحفظ کرے،بڑھتے عالمی درجہ حرات، جنگلات میں کمی، گلیشئرز کا پگھلنا بڑھتے خطرات ہیں، وزیراعظم عمران خان پہلے ماحول دوست وزیراعظم اور ایک عالمگیر تحریک چلارہے ہیں،وزیراعظم عمران خان نوجوانوں اور دنیا کو احساس دلارہے ہیں کہ ماحول بہتر بنانا کتنا ضروری ہے،۔
فواد چوہدری

مزید :

صفحہ اول -