سینیٹر مولابخش چانڈیو نے 10 بلین ٹری سونامی کو مال بنانے کا منصوبہ قرار دے دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کےمرکزی رہنماسینیٹرمولابخش چانڈیو نےکہاہےکہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے تمبر کے جنگلات لگانے کو سراہا ہے،10 بلین ٹری سونامی تو ایک افسانہ ہے اور مال بنانے کا منصوبہ ہے دنیا کو پاکستان میں ماحولیات کی حفاظت کیلئے اگر کوئی بڑا منصوبہ نظر آرہا ہے تو وہ مینگرووز ہی ہیں۔
نجی ٹی وی کےمطابق سینیٹرمولابخش چانڈیو نےکہا کہ مینگرووز کے جنگلات کا منصوبہ عمران خان کی بلین ٹری سونامی کی جعلسازی سے بھی پہلے کا ہے،جعلساز وزیراعظم نےماحولیات کی تقریب سے خطاب میں تمبر کے جنگلات کا ذکر ایسے کیا جیسے وہ بھی ان کا منصوبہ ہو ،خیبرپختونخوا کے لوگ چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ بلین ٹری سونامی ایک فراڈ تھا،جہاں کام ہوتاہےوہاں نظربھی آتا ہے، سندھ کے تمبر کے جنگلات اس کی مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمن بلاول کی قیادت میں سندھ میں صحت سمیت ہر شعبے میں ترقی ہوئی ہے،نوزائدہ بچوں کی اموات کی شرح سندھ میں سب سے زیادہ کم ہوئی سندھ غربت میں کمی میں سب سے آگے ہے، فی کس آمدنی بھی سندھ سب کو پیچھے چھوڑ گیا اور یہ سب عالمی اداروں کے اعداد و شمار ہیں۔ سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ مالی وسائل اور پانی پر ڈاکہ زنی کے باوجود سندھ تمام صوبوں سے آگے ہے۔