جمعیت اہلحدیث کو منظم اور فعال کیاجارہا ہے،ہشام الٰہی ظہیر
لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت اہل حدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے کہا پو رے ملک میں ڈویڑن،ضلعی، سٹی، یونین کونسل سطح پر جمعیت اہل حدیث پاکستان کو منظم و فعال کیا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کو سیکولر، لبرل جما عتوں کا ساتھ دینے کی بجائے دینی جماعتوں کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لینا چاہئے۔ ضروری نہیں لبرل، سیکولر جما عتوں کا سہارا لیکرچند سیٹوں کی خاطر الیکشن جیت کر انکی غلامی کی جائے۔
مذہبی و دینی جما عتوں کی سیاست ملک میں قرآن و سنت کے عملی نفاذ کیلئے ہونی چاہئے اگرتمام مذہبی و دینی جما عتیں متحد ہو کر ملک کو قرآن و سنت کی سٹیٹ بنانے کیلئے کمر بستہ ہو جائیں تواسلامی انقلاب آسکتا ہے صرف عوام کی ذہن سازی کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے مرکز قرآن و سنہ اسلامک سینٹر میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ علامہ ہشام الہٰی ظہیر کا کہنا تھا جلدی ہی اہل سْنت مکاتب فکرمشترکات پر مبنی ایک اْصولی انتخابی پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے گا۔ اہل سْنت میں مشترکات نوے فی صد سے زائد ہیں سود، رشوت، کرپشن چوری، ڈکیتی زنا، بے پردگی، فحاشی و عریانی، دہشت گردی، قتل و غارت،جھوٹ، غیبت، منشیات وغیرہ جن پر ان مسالک کا کوئی اختلاف نہیں ہے اور اس حوالے سے اہل سْنت کے قائدین کیساتھ مشاورت عمل جا ری ہے۔