ایران نے آواز کی رفتار سے 15 گنا تیز سفر کرنے والا ہائپر سونک بیلسٹک میزائل بنالیا
تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران کے پاسداران انقلاب نے منگل کو ایک درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کی نقاب کشائی کی ہے جو آواز کی رفتار سے 15 گنا زیادہ ہائیپرسونک رفتار پر سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
صدر ابراہیم رئیسی نے نئے میزائل کی ہائپرسونک صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ایران کی 'ڈیٹرنس کی طاقت' میں اضافہ ہوگا اور 'خطے کے ممالک میں امن اور استحکام' آئے گا۔ سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے تقریب کی تصاویر شائع کی ہیں ، یہ واضح نہیں ہوسکا کہ میزائل کی تقریب رونمائی کس علاقے میں ہوئی۔ اس موقع پر گارڈز کے سربراہ جنرل حسین سلامی سمیت کئی اعلیٰ فوجی کمانڈرز موجود تھے۔
فتح میزائل کی رینج 1400 کلومیٹر ہے اور اپنے ہدف کو نشانہ بنانے سے پہلے اس کی رفتار' آواز کی رفتار سے 13 سے 15 گنا کے درمیان تک پہنچ سکتی ہے۔ سست بیلسٹک میزائلوں کی طرح ہائپرسونک میزائل بھی جوہری وار ہیڈز سے لیس ہوسکتے ہیں اور ایران کے نومبر میں اس کی تیاری کے اعلان نے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی کو تشویش کا اظہار کرنے پر مجبور کیا تھا۔