عوام کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،شوکت بابر ورک
لاہور (پ ر) ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے بانی ٹرسٹی و جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ شہریوں کی صحت یقینا کسی مصلحت،سیاست اورپوائنٹ سکورنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ریاست اپنے محدودوسائل کے ساتھ عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے تاہم ثروتمند شخصیات کوبھی انسانیت کی خدمت کیلئے آگے آنا ہوگا۔
قومی وسائل کاایک بڑا حصہ عوام کی تعلیم و تربیت اورصحت پرصرف کیاجائے۔ہم ڈاکٹر اے کیوخان ہسپتال ٹرسٹ کے دستیاب وسائل سے شہریوں کی سہولت کیلئے فری میڈیکل کیمپ کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔فری میڈیکل کیمپ روزانہ کی بنیاد پرلگایاجارہا ہے جہاں ہزاروں نادارومفلس اورمستحق مریض مستفید ہوتے ہیں۔ وہ صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر کی ہدایت پردیوسماج روڈ سنت نگرمیں فری میڈیکل کیمپ سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے مزید کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ محروم طبقات کی خدمت کی نیت سے معرض وجود میں آیا تھا۔جدید طبی سہولیات اورمفت ادویات تک رسائی عام آدمی کابنیادی حق ہے،ان کے کندھوں سے مہنگائی سمیت دوسرے مسائل کابوجھ اتارنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ زندگی بچانے والی ادویات کے نرخوں میں خاطرخواہ کمی کرنا ہوگی۔شعبہ صحت کوتجارت کامیدان ہرگز نہ بنایاجائے،جوانسان دولت اکٹھی کرناچاہتا ہے وہ کوئی دوسراکاروبار کرے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے ڈونرز مستحق خاندانوں کومعیاری اورمثالی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ان کے عطیات کی ایک ایک پائی نادارو ں اوربیماروں کی امانت ہے جوان تک پہنچتی رہے گی۔