حکومت متبادل انرجی کے فروغ پر یقین رکھتی ہے، علی پرویز ملک
اسلام آباد(این این آئی)وزیر مملکت برائے اقتصادی امور علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان متبادل انرجی کے فروغ پر یقین رکھتی ہے، نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں لگائی گئی اور نہ ہی اس حوالے سے کسی معاہدے پر نظرثانی کی جا رہی ہے، نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے میڈیا پر غلط اور بے بنیاد خبر نشر ہوئی۔ بدھ کو اپنے ویڈیو بیان میں وزیر مملکت علی پرویز ملک نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ کے کسی معاہدے پر نظرثانی نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان شمسی توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولر سسٹم پر ٹیکس لگانے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، میڈیا پر اس حوالے سے بے بنیاد خبر نشر ہوئی۔ وزیر توانائی اویس لغاری اس خبر کی تردید کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سولر پینلز پر کسی قسم کی ڈیوٹی یا ٹیکس لگانے کی بات نہیں کی گئی، پالیسی میں اگر کوئی تبدیلی ہوئی تو وزیراعظم پاکستان کے گرین پاکستان انی شی ایٹو کو سامنے رکھتے ہوئے مشاورت سے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام پر وزیراعظم شہباز شریف کی پوری توجہ ہے، وزیراعظم دورہ چین پر ہیں، بیرونی سرمایہ کار وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سعودی عرب کے ایک وفد نے بھی پاکستان کا دورہ کیا، سعودی عرب اور یو اے ای کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے یہاں منصوبے دیکھ رہے ہیں۔
علی پرویز ملک