ہمارا مقصد کاروبارکی ترقی کیلئے معیشت کو مضبوط بنانا ہے،گورنر سٹیٹ بینک
کراچی (خصوصی رپورٹ) گورنرسٹیٹ بینک آف پاکستان، جمیل احمد نے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (PBA) کی طرف سے تجویز کردہ ترجیحی شعبوں میں اقدامات کے نفاذ کے لیے پہلے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پاکستان کے تین اہم شعبوں زراعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) اور ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی میں بینکنگ انڈسٹری کا تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔یہ اجلاس گزشتہ ماہ وفاقی وزیر ِ خزانہ ومحصولات محمد اورنگزیب کی زیرصدارت ہوئی میٹنگ کے تسلسل میں تھا، جہاں انہوں نے بینکنگ سیکٹر پر زور دیا کہ وہ ان شعبوں سے متعلق حکومت کی اقتصادی پالیسوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مکمل تعاون کریں۔گورنرسٹیٹ بینک نے کہا،ہمارا مقصدمعیشت کو مضبوط بنانا ہے جہاں ہر سائز کے کاروبار ترقی کر سکیں۔ یہ اقدامات ترقی کے فروغ، اختراع کی حوصلہ افزائی، اور پائیدار ترقی کی حمایت کے لیے بنائے گئے ہیں۔ ہم پرعزم ہیں کہ ہمارا مالیاتی نظام معاشی بحالی اور طویل مدتی خوشحالی کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن مددفراہم کرتا ہے۔ظفر مسعود، چیئرمین - پی بی اے نے کہا، '' وزیر خزانہ کی خواہش کے مطابق بینکنگ سیکٹر کی جانب سے اہم وقت پریہ اقدامات شروع کیے گئے ہیں جب کاروبار اور صارفین دونوں ہی استحکام اور ترقی کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ ان شعبوں کو ترجیح بنا کرسنٹرل بینک اور وزارت خزانہ مستقبل کے لئے مستحکم اور متحرک معیشت کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔
گورنر سٹیٹ بینک