پاکستان چین میں معاشی تعاون بڑھانے کیلئے مزید اقدامات ضروری : چودھری شجاعت
لاہور ( این این آئی) سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چینی قونصل جنرل ژاﺅ شیرن نے ملاقا ت کی۔چینی قونصل جنرل نے چوہدری شجاعت کی خیر یت دریافت کی اور ان کی مکمل صحت یابی کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا،انہوں نے کہا چوہدری شجاعت ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور پاکستان کی سیاست کا بڑا نام ہے،انہوں نے چائنیز کی سکیورٹی کیلئے بلٹ پروف گاڑیوں کے حوالے سے وزیر اعظم کو خط لکھنے پر چوہدری شجاعت کا شکریہ ادا کیا ا ورچائنیز کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی پر مرکزی اور پنجاب حکومت سے بھی شکریہ ادا کیا۔چینی قونصل جنرل نے کہا پنجا ب میں چینی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کا بہترین وقت اور ماحول موجودہے۔ چین کی مزید کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرینگے۔ ملاقا ت کے دوران آئندہ ماہ پنجاب کے اعلی سطح کے وفد کے دورہ چین اورمعاشی تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی، چینی قونصل جنرل نے چین کا دورہ کرنےوالے وفد کو ہر ممکن تعاون کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پرچوہدری شجاعت نے کہا پاکستان اور چین کے مابین دوستی کا مضبوط رشتہ قائم ہے،جوہر گزر تے لمحے مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے تاہم دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون بڑھانے کیلئے مزید موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے،چین کی کمپنیوں کی سولر ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔ چینی قونصل جنرل نے چوہدری شجاعت کو چینی قونصلیٹ کے دورے کی بھی دعوت دی۔
چوہدری شجاعت