طورخم پر بھاری ٹرانسپورٹ کو آمدورفت کی اجازت
پاک افغان سرحد طورخم پر کارگو گاڑیوں کو مقررہ روٹس پر عارضی داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے جس پر کارگو سروس اور ہیوی ٹرانسپورٹ ڈرائیوروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اِس سے دونوں ملکوں کی تجارت کو بہت فائدہ ہو گا جبکہ عارضی داخلے کے دستاویز کے نفاذ سے تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔ ٹرانسپورٹروں کی مختلف تنظیموں نے بھی وفاقی اور صوبائی حکومت سے تشکر کا اظہار کیا۔ طورخم بارڈر پر کچھ عرصے سے کنٹینر اور ٹرکوں کا داخلہ بند تھا جس سے دونوں طرف کے ٹرانسپورٹروں بالخصوص ڈرائیوروں کو سخت پریشانی کا سامنا تھا۔ ٹرانسپورٹر تنظیموں نے اظہارِ تشکر کے ساتھ ساتھ بارڈر پر تعینات سرکاری اہلکاروں کو آنے جانے والوں سے مناسب رویہ روا رکھنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ طورخم بارڈر پر بھاری ٹرانسپورٹ کی آمدورفت شروع ہو گئی ہے،اُمید کی جانی چاہئے کہ متعلقہ حکام نہ صرف ٹرانسپورٹروں کے دیگر مطالبات پر بھی غور کریں گے بلکہ اِن کے مسائل کو جلد از جلد مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔