بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کیا کیاسہولیات دستیاب ہیں؟ وفاقی حکومت نے دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس میں وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل تک رسائی نہ دینے کے بیان کی تردید کردی۔
نجی ٹی وی چینل" جیو نیوز" کے مطابق وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے موقف کی تردید میں اضافی دستاویزات جمع کروا دیں،اضافی دستاویزات کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کے اڈیالہ جیل میں وکلاء سے ملاقات کی تصاویر بھی شامل ہیں،وفاقی حکومت نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کا قید تنہائی میں ہونے کا مؤقف بھی غلط ہے،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست بھی سپریم کورٹ میں جمع کروا دی گئی۔
وفاقی حکومت نے موقف میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں وکلا تک رسائی نہ دینے کا مؤقف اپنایا، عدالت مناسب سمجھے تو بانی پی ٹی آئی کے بیان اور حقیقت جانچنے کیلئے کمیشن بھی مقرر کر سکتی ہے،بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کتابیں، ایئرکولر، ٹی وی تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں۔