ہاردیک پانڈیا اور نتاشا سٹینکووچ کی طلاق کی خبروں کا ڈراپ سین ہو گیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ہاردیک پانڈیا کی اہلیہ نتاشا سٹینکووچ نے اپنی شادی کی تصاویر انسٹاگرام اکائونٹ پر ’ری سٹور‘ کرکے اپنی طلاق کی افواہ کا گلہ گھونٹ دیا۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق ہاردیک اور نتاشا کی طلاق کی افواہ کو اس وقت تقویت ملی تھی جب نتاشا نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ سے شادی کی تصاویر سمیت ہاردیک کے ساتھ بنائی گئی تمام تصاویر ہٹا دیں۔
تاہم گزشتہ دنوں نتاشا نے یہ تمام تصاویر ’ری سٹور‘ کر دی ہیں، چنانچہ ایک بار پھر یہ تصویریں نتاشا کے انسٹاگرام اکائونٹ پر ’آرکائیو‘ میں دیکھی جا سکتی ہیں۔نتاشا کی طرف سے تصاویر ’اِن آرکائیو‘ کیے جانے پر ان کے مداح ایک بار پھر حیرت میں مبتلا ہو گئے اور ان تصاویر پر کمنٹ سیکشن میں تبصروں کا انبار لگا دیا۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا میں ہاردیک اور نتاشا کی طلاق کی افواہ کو ڈرامہ قرار دیا جا رہا تھا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ حرکت ہاردیک اور نتاشا نے منصوبہ بندی سے کی تاکہ لوگ ہاردیک کی آئی پی ایل میں انتہائی ناقص کارکردگی کو نظرانداز کر دیں اور ان کی طلاق پر گفتگو شروع ہو جائے۔