پاکستانی شوبز انڈسٹری کے پڑھے لکھے ستاروں کی فہرست

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک عام تاثر پایا جاتا ہے کہ شوبز سے وابستہ لوگ زیادہ پڑھے لکھے نہیں ہوتے اور یہ تاثر کسی حد تک درست بھی ہے تاہم اب صورتحال مختلف ہو چکی ہے اور پڑھے لکھے لوگ بھی اس شعبے سے وابستہ ہو رہے ہیں اور پاکستانی شوبز انڈسٹری میں اب کئی اعلیٰ تعلیم یافتہ چہرے بھی نظر آنے لگے ہیں۔ایسے ہی کچھ اداکاروں اور اداکارائوں کی فہرست ذیل میں بیان کی جا رہی ہے، جنہوں نے شوبز کے لیے اپنی تعلیم کی قربانی نہیں دی اور کام کے ساتھ تعلیم بھی جاری رکھی اور اسے پایہ تکمیل کو پہنچایا۔
اسامہ خان
اسامہ خان SKANSلاہور سے ’اے سی سی اے‘ گریجوایٹ ہیں۔ انہوں نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد پہلے بینکنگ انڈسٹری میں کام کیا اور پھر اداکاری کی طرف چلے گئے۔
مومنہ مستحسن
معروف گلوکارہ مومنہ مستحسن بائیومیڈیکل انجینئرنگ، اپلائیڈ میتھمیٹکس اور شماریات کے مضامین کے ساتھ نیویارک کی سٹونی بروک یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ بائیومیڈیکل انجینئرنگ میں انہوں نے ٹشو انجینئرنگ میں سپیشلائزیشن کی۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ بائیومیڈیکل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
صنم جنگ
ٹی وی میزبان صنم جنگ نے سی بی ایم/آئی او بی ایم (انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ) کراچی سے بینکنگ ایڈمنسٹریشن میں بی بی اے اور ایم بی اے ہیں۔اپنے ایک انٹرویو میں صنم جنگ نے کہا تھا کہ اگر وہ شوبز میں نہ آتیں تو کسی بینک میں جنرل منیجر ہوتیں۔
ماورا حسین
ماورا حسین نے یونیورسٹی آف لندن سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
امیر گیلانی
اداکار امیر گیلانی بھی یونیورسٹی آف لندن سے ایل ایل بی کر چکے ہیں۔ اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر انہوں نے بتا رکھا ہے کہ بعد ازاں انہوں نے ہارورڈ لاء سکول سے ایل ایل ایم کی ڈگری بھی حاصل کی۔
ایمن سلیم
ڈرامہ سیریل’چپکے چپکے‘ میں مشی کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ایمن سلیم واربرٹن سکول آف بزنس، یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے فارغ التحصیل ہیں، جو رینکنگ میں دنیا کا نمبر ون بزنس سکول ہے۔ انہوں نے فنانس اور سٹریٹجک مینجمنٹ میں ڈبل میجرز کے ساتھ بزنس ڈگری حاصل کی۔
حمزہ علی عباسی
اداکا ر حمزہ علی عباسی کینسس سٹی کے جانسن کائونٹی کمیونٹی کالج سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں انڈر گریجوایٹ ڈگری ہولڈر ہیں۔بعد ازاں انہوں نے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹرز کیا۔ وہ سی ایس ایس کرکے پولیس فورس میں بھی ملازمت کر چکے ہیں۔
فواد خان
فواد خان نے لاہور سے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے کمپیوٹرسائنسز میں بیچلرز کر رکھا ہے۔
امینہ شیخ
داکارہ امینہ شیخ نے ابتدائی تعلیم ماما پارسی سکول سے حاصل کی۔ انہوں نے سینٹ جوزف کانونٹ سے او لیول اور دی لیکم سکول کراچی سے اے لیول کیا۔
عمران عباس
اداکار عمران عباس نے نیشنل کالج آف آرٹس سے آرکیٹکچر میں ڈگری لے رکھی ہے۔