سابق برطانوی نیوی آفیسر کو دبئی میں جاسوسی کے جرم میں سزا سنا دی گئی

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک سابق برطانوی نیوی آفیسر کو دبئی میں جاسوسی کے جرم میں سزا سنا دی گئی۔نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق میٹ کروشر نامی اس سابق برطانوی رائل میرین کو گزشتہ سال نومبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اس کا پاسپورٹ ضبط کرتے ہوئے اسے رہا کر دیا گیا تاکہ وہ ملک چھوڑ کر نہ جا سکے۔
اب عدالت نے اس کا جرم ثابت ہونے پر اسے 7ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق میٹ کروشر پر غیرقانونی طور پر ٹیلی کمیونیکیشنز نیٹ ورک تک رسائی حاصل کرنے کا الزام تھا۔ اس کے علاوہ اس کی جاسوسی کی تفصیل منظرعام پر نہیں لائی گئی۔
واضح رہے کہ 40سالہ میٹ کروشر 2008ء میں افغانستان میں بھی ڈیوٹی انجام دے چکا ہے، جس پر اسے ’جارج کراس‘ سے نوازا گیا ، جو بہادری پر دیا جانے والا اعلیٰ ترین برطانوی اعزازہے۔افغانستان میں اس نے اپنے اردگرد موجود دوسرے لوگوں کو بچانے کے لیے خود کو طالبان کے نصب کیے گئے ٹرپ وائر گرنیڈ کے اوپر گرا لیا تھا۔