ناپ تول کے پیمانوں کی چیکنگ، محکمہ لیبر کے مارکیٹوں اور پٹرول پمپوں پر چھاپے، لاکھوں کے جرمانے

ناپ تول کے پیمانوں کی چیکنگ، محکمہ لیبر کے مارکیٹوں اور پٹرول پمپوں پر ...

 لاہور( لیاقت کھرل) صوبائی دارالحکومت میں محکمہ لیبر کی ٹیموں نے سال رواں کے پہلے دو ماہ کے دوران مارکیٹوں ، بازاروں اور پٹرول پمپوں پر اوزان و پیمائش کے پیمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا ہے جس میں ڈی او لیبر لاہور سید حسنات جاوید کی نگرانی میں ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد طاہر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ندیم اختر سمیت دیگر افسروں نے مارکیٹوں اور بازاروں میں 5055 دکانوں پر چھاپے مارے جبکہ شہر میں واقع 117 پٹرول پمپوں کی چیکنگ کی گئی۔ اس میں 241 دکانوں پر ناپ تول کے پیمانوں میں گڑ بڑ پائی گئی اور 30 سے زائد دکانداروں کے خلاف عدالتوں میں چالان پیش کئے گئے ہیں۔ پٹرول پمپوں پر چیکنگ کے دوران 315 نوزلیں درست پائی گئیں اور 91 سے زائد پٹرول پمپوں کی نوزلوں میں گڑ بڑ ہونے پر چالان کئے گئے ہیں جس میں پٹرول پمپوں کے مالکان کو ساڑھے چار لاکھ سے زائد کے جرمانے کئے گئے ۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر لاہور سید حسنات جاوید نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ پٹرول پمپوں اور مارکیٹوں سمیت بازاروں میں اوزان و پیمائش کے پیمانوں کی چیکنگ کے لئے دو ڈپٹی ڈائریکٹروں، پانچ اسسٹنٹ ڈائریکٹروں اور 16 لیبر افسروں پر مشتمل چار الگ الگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارے جائیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1