انویسٹی گیشن نے فروری میں 8 گینگز کے 120 خطر ناک ملزموں کو گرفتار کیا

انویسٹی گیشن نے فروری میں 8 گینگز کے 120 خطر ناک ملزموں کو گرفتار کیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لا ہور (کرا ئم سیل ) ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم نے کہا ہے کہ انویسٹی گیشن پولیس نے ماہ فروری کے دوران شہر میں ہونے والی ڈکیتی ، راہزنی ، ہاؤس رابری ، چوری ، قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث 120 خطرناک ملزموں کو گرفتار کیاہے۔ گرفتار ملزموں کی نشاندہی پر پولیس نے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران بتائی ، انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزموں میں وہ ملزمان بھی شامل ہیں جنہوں نے کچھ عرصہ قبل کاہنہ میں دوران واردات مزاحمت پر اسد نامی شہری کو قتل اور محمد ارشد کو شدید زخمی کر دیا تھا۔گرفتار کیے گئے ڈکیت اور چور گروہوں میں قاسم عرف قاسو گینگ، نور عرف بھولا ڈکیت گینگ ، دلبر مسیح عرف بلا ڈکیت گینگ ، ثمران ڈکیت گینگ ، مظہر عرف مظہری ڈکیت گینگ، مشتاق عرف مشتاقی موٹر سائیکل سنیچر ، محمد اسحق عرف بلا چور گینگ ، شرافت عرف شرافتو نقب زن گینگ شامل ہیں۔ ان میں سے 30 ملزمان انتہائی خطرناک اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں جن کا پیشہ ہی جرائم ہے اور یہ ملزمان جیل میں نہ صرف نئے گینگ تشکیل دیتے ہیں بلکہ جیل سے باہر آتے ہی دوبارہ منظم ہو کر وارداتیں شروع کر دیتے ہیں ۔ دوران تفتیش گرفتار ڈاکوؤں اور چوروں نے شہر میں 183 سے زائد سنگین وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ پولیس نے ملزموں کی نشاندہی پر ایک کروڑروپے سے زائد مالیت کی نقدی ، مسروقہ موٹر سائیکلیں ، موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ ناجائز آتشیں اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف شہر بھر میں انویسٹی گیشن کی ٹیمیں دن رات سر گرم عمل ہیں اور شہریوں کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کی ناصرف روک تھام بلکہ شہریوں سے لوٹے ہوئے مال کی برآمدگی پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام انویسٹی گیشن انچارجز کو شہر میں سرگرم ڈکیت اور چور گروہوں خاص کر کار اور موٹر سائیکل چوروں کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لئے سپیشل ڈائریکشنز دی گئیں ہیں جبکہ اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف کے عملے کو شہر سے چوری ہونے والی گاڑیوں کی بازیابی کے لئے سخت ہدایات جاری کی جاچکی ہیں جس کے بعد اینٹی کار لفٹنگ سٹاف کی سپیشل ٹیمیں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر شب روز مصروف عمل ہیں۔

مزید :

علاقائی -