سینیٹ انتخابات سے پاکستان میں جمہوریت مزید مضبوط ہو گی، شہباز شریف

سینیٹ انتخابات سے پاکستان میں جمہوریت مزید مضبوط ہو گی، شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے بڑے جمہوری عمل سے پاکستان میں جمہوریت مزید مضبوط ہوگی اور جمہوریت کی گاڑی موثر انداز میں آگے بڑھے گی۔سعودی عرب کے دورے سے وطن واپسی پر پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلیوں اورقومی اسمبلی میں سینیٹ کے امیدواروں کے انتخاب کیلئے ووٹنگ سے جمہوری مرحلہ جمہوری اداروں کے مزیداستحکام اورمضبوطی کاباعث بنے گا۔۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف وفد کے ہمراہ سعودی فرمانروا خادمین الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی عرب گئے جہاں ان کے وفد کا شاندار استقبال اس بات کا غماز ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی حکومت اور ان کے عوام پاکستان کے عوام سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور وہ باہمی محبت اور برادرانہ رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پیغام دیا ہے کہ انہیں پاکستان اور پاکستان کے عوام کی معاشی ترقی اور خوشحالی بے حد عزیز ہے اور ہم اس مقصد کیلئے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے دو گھنٹے سے زائد وقت پنجاب اسمبلی میں اپنے چیمبرمیں گذارا اور مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے سینیٹ کے امیدواروں اور اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پاک فضائیہ کا طیارے گرنے کے باعث ائیر کموڈور شفقت مشتاق اور فلائٹ لیفٹیننٹ صہیب رشید کی شہادت کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔

مزید :

صفحہ اول -