امریکی مسلم طالب علم داعش کی حمایت کے الزام میں گرفتار

امریکی مسلم طالب علم داعش کی حمایت کے الزام میں گرفتار

واشنگٹن(بیوروچیف)پولیس نے واشنگٹن ایریا میں ورجینیا ریاست کے شہر وڈ برج میں اوسبورن پارک ہائی سکول کے ایک مسلم طالب علم کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ وہ ایک مسلم نوجوان کو شام بھیجنے کے لئے انٹرنیٹ پر اس کے سفری انتظامات کرنے میں مدد دے رہا ہے۔ پولیس نے ان دونوں نوجوانوں کی شناخت ظاہر نہیں کی لیکن اس نمائندے نے وڈ برج میں خاصی تعداد میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کے ایک سرگرم سماجی کارکن سے اس سلسلے میں پوچھا تو اس نے بتایا کہ یقینایہ نوجوان پاکستانی نہیں ہیں لیکن غالب امکان ہے کہ ان کا تعلق مشرق وسطیٰ کے ممالک سے ہو سکتاہے۔پولیس حکام نے یہ ضرور بتایا ہے کہ ہائی سکول کے مسلم طالب علم کی عمر سترہ سال کے قریب ہے اور جس نوجوان کی وہ مدد کر رہا تھاوہ اس سے عمر میں تھوڑا بڑا ہے جسے پہلے ہی پکڑاجا چکا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ایک نمائندے نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک اور مثال ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح دہشت گرد تنظیمیں اپنے مقاصد کے حصول کے لئے مسلم نوجوانوں کو سوشل میڈیا استعمال کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں اور ان کے ذریعے مغربی ممالک سے جنگجو بھرتی کر رہے ہیں۔

مزید : علاقائی