ہائیکورٹ سے ضمانت منسوخ ہونے پر ڈکیتی کا ملزم فرار ہو گیا

ہائیکورٹ سے ضمانت منسوخ ہونے پر ڈکیتی کا ملزم فرار ہو گیا

لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منسوخ ہونے پر ڈکیتی کا ملزم فرار ہو گیا۔ مسٹرجسٹس سردار طارق مسعود نے رینالا خورد کے مختار عرف بودو کی درخواست ضمانت خارج کی تو وہ کمرہ عدالت سے بھاگ گیا جبکہ تفتیشی افسر اور ملزم کے ہمراہ آئے پولیس اہلکاروں کے علاوہ عدالتی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے۔درخواست ضمانت میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ رینالہ خورد پولیس نے ملزم کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے اور پولیس کے پاس ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ،درخواست ضمانت منظور کی جائے، پولیس نے ملزم کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا ، سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں لاکھوں روپے کی ڈکیتیوں کے مقدمات درج ہیں ،ملزم کی درخواست ضمانت خارج کی جائے، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ دیکھنے کے بعد ملزم مختار عرف بودو کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔

مزید : علاقائی