ٹی 20 ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے والی پاکستانی سیکیورٹی ٹیم کو بھارتی ویزے جاری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی سیکیورٹی کے امور کا جائزہ لینے کیلئے پاکستانی سیکیورٹی ٹیم کو بھارتی ویزے جاری کردیے گئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کے امور کا جائزہ لینے والی ٹیم 3 افراد پر مشتمل ہوگی جس میں 2 ارکان پاکستان سے جائیں گے جبکہ تیسرا رکن بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن سے ان کے ساتھ شامل ہوگا۔ پاکستان سے جانے والے دونوں ارکان کو بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے ویزے جاری کردیے گئے ہیں اور وہ پیر کو بھارت جائیں گے۔
واضح رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر دھرم شالہ میں 19 مارچ کو پاکستان اور انڈیا کا میچ ہوگا جسے رکوانے کیلئے ہندو دہشتگرد طرح طرح کی دھمکیاں دے رہے ہیں جبکہ ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ نے بھی سیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی ہے جس کے بعد پاکستانی ٹیم کی سیکیورٹی پیراملٹری فورس کے سپرد کردی گئی ہے۔ ہندو دہشتگردوں کی طرف سے ملنے والی دھمکیوں کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ملاقات میں قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے سے پہلے سیکیورٹی ٹیم بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔