تارکین وطن کو ان کے آبائی ملک بھیجنا مشکل مرحلہ ہے،جرمنی
برلن(این این آئی)جرمن صوبہ سیسکنی کے وزیرداخلہ نے کہاہے کہ پناہ کے متلاشی افراد کو واپس ان کے آبائی وطنوں کی جانب بھیجنا جرمن حکام کے لیے ایک مشکل مرحلہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات صوبائی وزارت داخلہ نے چانسلر میرکل کی سیاسی سی ڈی یو کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بتائی۔ سیسکنی کی وزیر داخلہ نے کہاکہ تارکین وطن کو ملک بدر نہ کیے جانے کے باعث ریاستی حکومت کو چھیاسی ہزار یوروز سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔انہوں نے کہاکہ ناکام ملک بدریوں کی کئی وجوہات ہیں۔ کئی تارکین وطن خراب صحت کی وجہ سے ملک بدر نہ کیے جا سکے جب کہ کئی دیگر ملک بدری کے خوف سے روپوش ہو گئے۔زیادہ تر پناہ گزینوں نے ملک بدری کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا اور عدالتی حکم پر انہیں واپس نہیں بھیجا گیا جب کہ تارکین وطن کے پاس پاسپورٹ اور دیگر مطلوب سفری دستاویزات نہ ہونا بھی ان کی ملک بدری میں رکاوٹ کا سبب بنا۔
تاہم ایسے واقعات بھی دیکھنے میں آئے کہ پناہ گزین جبری ملک بدری سے پہلے ہی رضاکارانہ طور پر واپس چلے گئے۔