ایران نے روسی ساختہ ایس 300 میزائل فضائی دفاعی نظام کو فعال بنا دیا
تہران(این این آئی)ایران نے اپنے جدید روسی ساختہ ایس 300 میزائل فضائی دفاعی نظام کو فعال بنا دیا ۔ایران کے سرکاری ٹیلی ویڑن کے مطابق ’’ ایس 300 فضائی دفاعی نظام کا سرکاری اور فوجی عہدہ داروں کی موجودگی میں تجربہ کیا گیا ہے‘‘۔اس میزائل دفاعی نظام کا ایک صحرائی علاقے میں تجربہ کیا گیا ہے اور اس نے ایک بیلسٹک میزائل اور ڈرون سمیت متعدد اہداف کو نشانہ بنایا ہے اور انھیں روکا ہے۔ایران کے فضائی دفاع کے کمانڈر جنرل فرزاد اسماعیلی نے بتایاکہ ملک میں تیار کردہ باور 373 جدید فضائی دفاعی نظام کا بھی بہت جلد تجربہ کیا جائے گا۔ان کے بہ قول یہ نظام ایس 300 سے بھی زیادہ جدید ہے۔البتہ انھوں نے ایس 300 نظام کی افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے دشمنوں کے لیے زیاد مہلک ہے اور اس سے ہماری فضائی حدود زیادہ محفوظ ہوگئی ہیں۔ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں اس جدید دفاعی نظام کو فعال بنانے کے لیے تجربہ کیا ہے۔ٹرمپ انتظامیہ نے حال ہی میں ایران پر جنوری میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے تجربے پر نئی پابندیاں عاید کردی ہیں۔