سعودی عرب اور برونائی کا ٹھوس اور منفرد تعلقات جاری رکھنے کا عزم
بندرسری بھگوان(این این آئی)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز برونائی دارالسلام کے ایک روزہ دورے کے بعد واپس انڈونیشیا چلے گئے۔ان کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو منفرد اور ٹھوس قرار دیتے ہوئے انھیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق شاہ سلمان نے اپنے قیام کے دوران میں برونائی دارالسلام کے حکمراں سلطان حسن البلقیہ سے دوطرفہ تعلقات پر تعمیری بات چیت کی اور انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں اور خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔دونوں رہ نماؤں کی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یہ اہم اور تاریخی دورہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان دوستانہ اور منفرد دوطرفہ تعلقات کا عکاس ہے۔شاہ سلمان نے یہ دورہ سعودی عرب اور برونائی دارالسلام کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی تیسویں سالگرہ کے موقع پر کیا ہے،شاہ سلمان اور سلطان حسن البلقیہ نے ملاقات میں سعودی عرب اور برونائی دارالسلام کے درمیان معیشت ،سرمایہ کاری ،تعلیم ،ثقافت ،نوجوانوں اور کھیلوں کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق طے شدہ سمجھوتے کو فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان سیاست ،دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں اور اسلامی امور میں بھی دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔