ساہیوال: 2دہشتگرد مقابلے میں ہلاک، سی ٹی ڈی کا انسپکٹر شہید

ساہیوال: 2دہشتگرد مقابلے میں ہلاک، سی ٹی ڈی کا انسپکٹر شہید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور، ساہیوال، ماموں کانجن (کرائم رپورٹر، بیورو رپورٹ، نمائندہ خصوصی ،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) ساہیوا ل اور فیصل آباد کی سرحد پر واقع گاؤں میں دہشت گردوں کی سی ٹی ڈی پولیس پر فائرنگ سے انسپکٹر موقع پر شہید‘ رینج آفیسر سمیت 4 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ دہشت گردوں کے چار سہولت کار گرفتار کرنے سمیت فرار ہونیوالے 2دہشت گرد فورسز کی کارروائی میں مارے گئے ۔اتوار کو ساہیوال کے تھانہ فتح گڑھ اورمامون کانجن کے نواحی گاؤں موضع شادی کے دلو کی حدود کے قریب ایک کمرے کے کچے مکان پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی، پولیس نفری کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی انسپکٹرفدا حسین شہید اور رینج آفیسر سی ٹی ڈی اعظم اقبال جوئیہ سمیت 3اہلکار شدید زخمی ہوگئے ۔ شہیدسی ٹی ڈی پاکپتن کے انسپکٹرفداحسین نے رینج آفیسر اقبال جوئیہ اور دیگر پولیس جوانوں کے ہمراہ گڑھ فتح میں ایک مزار کے قریب پہلے سے گرفتارملزمان کی نشاندہی پر کارروائی کیلئے چھاپہ مارا، دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرارہوگئے، واقعہ کی اطلاع پر ساہیوال و فیصل آباد سے پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور ہڑپہ کے قریب بڈھ بیلہ کے مقام پر دوبارہ دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا جس دوران فرار ہونیوالے دو دہشت گردجن میں سے ایک ذیشان عرف شانی کا تعلق القاعدہ سے بتایا جاتا ہے جو کالعدم تنظیم کے مولوی غلام رسول کا گن مین بھی بتایا جاتا ہے دریائے راوی کے کنارے گندم کے کھیت میں چھپے ہوئے تھے کارروائی میں مارے گئے ۔دوسرے مارے جانیوالے دہشتگرد کی شناخت نہیں ہو سکی ۔ اس موقع پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے چک 425گ ب کا رہائشی کھوجی پپو بھی گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جبکہ اس مکان جس میں دہشت گرد پنا لئے ہوئے تھے کے مالک کاشتکار فہیم جکھڑ اور اسکے ایک ساتھی طارق سیل کی گرفتاری کیلئے انکے چھاپے مار جا رہے ہیں تاہم آخری اطلاعات تک انکی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی تھی ،تاہم اس دوران علاقہ سے متعدد مشکوک افراد کو گرفتار کرنے کی اطلاعات ہیں۔ دہشت گردوں کی پناہ گا ہ سے بارودی مواد،ریمورٹ ،بم میں استعمال ہونیوالے بیرنگ بال و کیمیکل کے کین ملے ہیں بم ڈسپوزل سکوارڈ نے دو دستی بم ناکارہ بنا دیئے ۔جہاں دونوں دہشتگرد مارے گئے جن کے قبضہ سے جدیدہتھیار‘ دھماکہ خیزمواد اور گولیاں وغیرہ برآمد ہوئی ہیں۔ زخمی رینج آفیسر اعظم اقبال جوئیہ سمیت دیگر 3زخمی اہلکاروں کوڈی ایچ کیوہسپتال منتقل کردیاگیا۔زخمیوں میں ایک کھوجی پپو بھی شامل ہے۔علاقہ میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -