رائے ونڈ (نمائندہ پاکستان) رائیونڈ کے پولیس اہلکاروں نے سرکاری گاڑی پر گشت کے دوران اعلیٰ نسل کا پالتو کتا چرالیا ،کتے کے مالک نے اہلکاروں کے خلاف تحریری درخواست دے دی تاہم ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا البتہ کتا برآمدکرلیاگیا ،پولیس اہلکار اپنے پیٹی بھائی کو بچانے میں مصروف۔تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے رہائشی شہرون عاشق نامی شخص کا جرمن شیفر نسل کا پالتو کتا ان کے گھر کے سامنے سینما روڈ سے چوری ہوگیا جس کی مالیت تین لاکھ بناتی گئی ہے ۔کتے کے مالکان اسے تلاش کرتے ہوئے جب رائیونڈ سے چھ کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع سروس اسٹیشن پر پہنچے تو انہوں نے کتے کو پہچان کر پولیس کی مدد سے برآمد کروا لیا۔ پکڑے جانے والے سروس اسٹیشن کے ملازم نے بتایا کہ گزشتہ رات تھانہ سٹی رائیونڈ کی سرکاری گاڑی کا ڈرائیور شاہد اقبال اس کے پاس یہ کتا امانت کے طور پر چھوڑ گیا تھا کہ کل ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد واپس لے جاؤنگا اور اس کو گوشت کھلانے کیلئے دو سوروپے بھی دے کر گیا تھا ۔کتے کے مالک نے تھانہ سٹی رائیونڈ میں کتا چوری کرنے پر سب انسپکٹر سمیر خاں اور کانسٹیبل شاہد اقبال کے خلاف تحریری درخواست دے دی ہے تاہم ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا بلکہ پولیس اہلکار اپنے پیٹی بھائی کو بچانے کیلئے مصروف ہیں۔