ایف بی آر کی کارروائی، اسمگل شدہ سگریٹس اور انڈین گٹکا برآمد
حیدرآباد(بیورو رپورٹ ) ایف بی آر کے تحت ملک بھر میں غیر قانونی اور اسمگل شدہ سامان خصوصا غیر قانونی سگریٹس کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ایف بی آر نے خفیہ اطلاعات پر گزشتہ روز حیدرآباد میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ غیر قانونی سگریٹس اور انڈین گٹکا برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل کمشنر ریجنل ٹیکس آفس شمیم مرتضیٰ نے 2اسسٹنٹ کمشنر ز اور دیگر ٹیم کے ہمراہ حیدرآباد کی ٹاور مارکیٹ کے ایک گودام میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے پائن اور بینسن ہیجز سمیت دیگر برانڈز کے غیر قانونی سگریٹس اور انڈین گٹکے کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔ شمیم مرتضیٰ کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جبکہ قبضے میں لیے گئے سگریٹس اور گٹکے کی مالیت 20سے 25لاکھ روپے ہے۔میڈیاسے بات چیت میں شمیم مرتضیٰ نے بتایا کہ گودام سے برآمد کیے گئے سگریٹس پر ہیلتھ وارننگ نہ ہونے کے باعث قبضے میں لیے گئے ہیں، جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سگریٹس مقامی سطح پر تیارگئے ہیں اور ان پر غیر ملکی لیبل لگائے گئے ہیں جبکہ ان کی تیاری میں کسی بھی قسم کے ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔شمیم مرتضیٰ نے اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث دیگر عناصر کو خبر دار کیا کہ وہ باز آ جائیں ، انھوں نے مزید بتایا کہ آنے والے دنوں میں چھاپوں کے سلسلے کو وسیع کیا جائے گا۔