آج پورے پاکستان کی جیت ہوئی ،شہباز شریف ، 4سال کے دوران مضبوط، محفوظ اور مزید مستحکم ہوئے :نواز شریف
لاہو ر(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ہم قو م کی خواہشات کے مطابق آ ج ماحول بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں کیونکہ کرکٹ کا کھیل ہم سب کے دلوں کے بہت قریب ہے۔تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کا پی ایس ایل کے فائنل میچ کے موقع پرقوم کو پیغام دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آج ہم نے دنیا پر اس بات کو ثابت کردیا ہے کہ تنہائی کے دن ختم ہوگئے ہیں۔میں خوش ہوں کہ عوام کو ان کا پسندیدہ کھیل دیکھنے کیلئے خوشی اورسازگار ماحول دیا۔انہوں نے کہا کہ تمام خدشات ،خوف ،تقسیم کے برخلاف ہم گزشتہ 4سال کے دورا ن مضبوط ،محفوظ اور مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
نواز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلی شہبازشریف نے کہاکہ فائنل میچ میں شائقین کا جوش وجذبہ اور نظم و ضبط قابل تعریف ہے اور میں نے قذافی سٹیڈیم میں خود میچ دیکھا ہے اور مجھے کوئٹہ اور پشاور کے کھلاڑیوں کی پرفارمنس دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ قوم نے جس جذبے کا مظاہرہ کیاہے وہ قابل تحسین ہے بلاشبہ فائنل میچ دیکھنا یادگار لمحہ ہے ۔پاکستانی قوم نے آج جس اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کر کے فائنل میچ کو ایک یادگار میچ بنایاہے، بلاشبہ اسے تادیر یاد رکھا جائے گا۔وزیراعلی نے ان خیالات کا اظہار قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے فائنل میچ دیکھنے کے دوران وہاں موجود سیاسی ودیگراہم شخصیات کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلی نے پشاور زلمی کی ٹیم کی اننگز مکمل دیکھی اور بعد میں واپس روانہ ہوئے۔اس موقع پر انہوں نے وہاں موجود صوبائی انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ میچ ختم ہونے کے بعد شائقین کرکٹ کو واپسی پر بھی اسی طرح سہولتیں فراہم کی جائیں جس طرح انہیں سٹیڈیم میں لانے کے لئے فراہم کی گئی ہیں اور آخری شخص کے گھر جانے تک تمام متعلقہ ادارے محنت اور مستعدی سے فرائض سرانجام دیں ۔وزیراعلی شہبازشریف کے ہمراہ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ، گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا، گورنر گلگت بلتستان غضنفر علی خان، وزیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن، کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، وفاقی و صوبائی وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے بھی فائنل میچ دیکھا۔دوسری طرف وزیراعلی پنجاب نے پشاور زلمی کو پی ایس ایل کا فائنل میچ جیتنے پر مبارک دی اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ پشاور زلمی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت حاصل کی ہے جبکہ ان کی اس جیت سے نہ صرف پشاور کی ٹیم کی جیت ہوئی ہے بلکہ آج پورے پاکستان کی جیت ہوئی ہے ۔
شہبا زشریف