مردم شماری کیلئے مہاجر مربوط منصوبہ بندی کریں: ڈاکٹر سلیم حیدر

مردم شماری کیلئے مہاجر مربوط منصوبہ بندی کریں: ڈاکٹر سلیم حیدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مردم شماری کیلئے مہاجر مربوط منصوبہ بندی کے ساتھ اُٹھ کھڑے ہوں۔ مردم شماری مہاجروں کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ تھوڑی سی سستی اور کاہلی پوری قوم کو کئی سال پیچھے لے جائے گی۔ اس سے قبل بھی مہاجروں کی آبادی کو کم ظاہر کرکے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں ہمارے ساتھ زیادتیاں کی گئیں۔ یہی وجہ ہے کہ کراچی، حیدرآباد ، میرپورخاص اور سکھر کی تمام تر نشستیں حاصل کرنے کے باوجود بھی صوبائی اسمبلی میں مہاجر اقلیت میں رہے ۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر مایوس ہونے کے بجائے اپنے قومی ایشوز پر بھرپور انداز میں جدوجہد کریں۔ کسی بھی شخص کی غلط منصوبہ بندی کا مطلب قوم کی غلطی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں مہاجروں کی قیادت کے دعویدار آج اپنے ہی کردہ اور ناکردہ گناہوں کی پاداش میں پاکستان میں سب سے زیادہ ناپسندیدہ قرار دیئے جاچکے ہیں۔ ہم ان حالات کی نشاندہی برسو سے کررہے تھے۔ اگر اس وقت ہماری باتوں پر دھیان دیا جاتا تو پوری قوم کو اجتماعی پچھتاوا نہیں کرنا پڑتا اور آج مہاجر قوت اس طرح منتشر نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہاکہ اب بھی وقت ہے کہ مہاجر عوام قیادت اپنے ہاتھ میں لے لے اور مہاجروں کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے اجتماعی جدوجہد کی جائے۔ مہاجر کل بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تہذیب یافتہ تھے اور آج بھی ہیں۔