ناقص میٹھائی ، ہرجانے کے دعوے پر صارف عدالت نے کیک اینڈ بیکس کو نوٹس جاری کردیئے
لاہور(نامہ نگار )صارف عدالت میں ناقص میٹھائی کھانے سے نوجوان نے طبیعت خراب ہونے پرکیک اینڈ بیکس کے خلاف6لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔فاضل جج نے 21مارچ کومذکورہ بیکری کے مالک کوطلب کرلیاہے۔
صارف عدالت میں شہری شبیر حسین نے اپنے وکیل کی وساطت سے کیک اینڈ بیکس ازمیر ٹاﺅن کنال ویو کے خلاف 6لاکھ روپے ہرجانے کا دعوے دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اس نے کیک اینڈ بیکس سے ایک کلو میٹھائی خریدی میٹھائی گھر لا کر اس کو کھایا گیا تو گھروالوں سمیت اس کے بھتیجے کی طبیعت خراب ہو گئی ،بھتیجے کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی تواسے فوری ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی طبیعت ناقص میٹھائی کھانے سے ہوئی ہے ،اس کا بھتیجا اور اہل خانہ کو بار بار ہسپتال لے جا کر اس کو ذہنی ازیت کا سامنا کرنا پڑا ہے ،عدالت سے استدعا ہے کہ اسے ذہنی اذیت دینے پر مذکورہ بالا ہرجانے کی رقم دلوانے کا حکم دیا جائے جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر بیکری مالک کو طلب کرلیا ہے ۔