بک شیلف

بک شیلف
بک شیلف

  

نام کتاب: جے ایف کینیڈی کا ایک بھولا ہوا بحران

نام مصنف: بروس ریڈل (Bruce Riedel)

زبان: انگریزی

انگریزی عنوان: JFK`s Forgotten Crisis

صفحات: 231

پبلشرز: ہارپر اینڈ کولنز، لندن/نیویارک

پرنٹرز: بروکنگز انسٹی ٹیوشن پریس

قیمت: 29(امریکی ڈالر)

سال اشاعت:2015ء

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

یہ کتاب افواجِ پاکستان کی سروسز بک کلب کے لئے بغرض مطالعہ منتخب کی گئی ہے۔ سفید کاغذ اور دیدہ زیب طباعت سے مزین ہے اور پیپر بیک ہے۔

پیش لفظ کے علاوہ اس کے پانچ باب ہیں جن کے عنوانات مندرجہ ذیل ہیں:

1۔آئیک اور انڈیا (1950-60ء)

2۔گال برائتھ اور انڈیا (1961ء)

3۔جیکی اور انڈیا (1962ء)

4۔جیکی ، انڈیا اور وار

5۔کینیڈی سے لے کر آج تک

پہلا باب 36صفحات، دوسرا 34صفحات، تیسرا 32صفحات، چوتھا 38صفحات اور آخری باب 36صفحات پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ 6صفحات پر مشتمل پیش لفظ بھی دیا گیا ہے اور آخر میں حواشی اور کتابیات وغیرہ کی تفصیل بھی درج ہے۔

اکتوبر 1962ء میں CIA کو جب معلوم ہوا کہ سوویت یونین کیوبا کو میزائل بھیج رہا ہے تو امریکی حکومت کے کان کھڑے ہوئے اور جوہری جنگ کے خطرات پیدا ہو گئے۔ اس وقت جان ایف کینیڈی امریکہ کے صدر تھے۔

امریکہ اور سوویٹ یونین کے درمیان اکتوبر 1962ء میں کئی دنوں پر پھیلی کشمکش کے دوران یہ معلوم ہونے لگا کہ دنیا ایٹمی جنگ کے دہانے پر آ پہنچی ہے اور کسی بھی وقت یہ جنگ چھڑ سکتی ہے۔ نیکتا خردشحیف اس دور میں سوویت یونین کے صدر تھے۔ کشیدگی کے عروج کے بعد دونوں صدور کے درمیان مذاکرات کا مشکل دور شروع ہوا آخر کار فیصلہ ہوا کہ امریکہ، ترکی سے اپنے میزائل واپس لے آئے گا اور سوویت یونین، کیوبا سے اپنے میزائل روس لے جائے گا۔۔۔ دنیا نے سکھ کا سانس لیا۔

انہی ایام میں ایک اور عالمی بحران بھی دنیا کو درپیش ہوا۔ا گرچہ اس کی شدت، کیوبن میزائلوں کی جنگ کی شدت سے کم تھی لیکن خطرہ موجود تھا کہ یہ جنگ بھی کہیں روائتی جنگ سے باہر نکل کر جوہری جنگ میں تبدیل نہ ہو جائے۔ یہ جنگ انڈیا اور چین کے درمیان برپا ہونے والی تھی اور اس میں انڈیا نے جارحیت میں پہل کی تھی۔ اس کی وجہ وہ سرحدی جھگڑا تھا جو دونوں ملکوں کے درمیان شمالی سرحد کے تعین پر تھا۔

اکتوبر 1962ء میں جنگ شروع ہوئی تو انڈیا کو شکست کا سامنا ہوا اور اس نے بوکھلا کر امریکہ سے مدد کی درخواست کر دی۔

چین کے چیئرمین اس وقت ماؤزے تنگ تھے اور وزیراعظم چو این لائی تھے۔ پنڈت جواہر لال نہرو انڈیا کے وزیراعظم تھے۔ پاکستان جو انڈیا اور چین دونوں کا ہمسایہ تھا، اس پر فیلڈ مارشل ایوب خان کی حکمرانی تھی۔ جب انڈیا کو زیادہ خطرات لاحق ہوئے تو اس نے گھبرا کر امریکہ کے دَر پر جا کر دستک دی۔ نہرو نے کینیڈی کو ایک ٹاپ سیکرٹ خط لکھا جسے واشنگٹن میں انڈیا کے سفیر نے خود جا کر صدر امریکہ کے حوالے کیا۔ اس خط میں انڈیا سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ چین کا مقابلہ کرنے کے لئے سپرسانک لڑاکا طیاروں کے 12سکواڈرن فی الفور انڈیا روانہ کریں۔

پنڈت نہرو، غیر وابستہ ممالک کی تنظیم کے ایک سرکردہ لیڈر بھی تھے۔ جو چیز صدر کینیڈی کو نہرو کے خط میں زیادہ حیران کن لگی وہ یہ تھی کہ نہرو نے نہ صرف طیارے اور راڈار مانگے تھے بلکہ امریکی پائلٹ بھی مانگے تھے اور کہا تھا کہ چینی فضائیہ کا مقابلہ کرنے کے لئے انڈین ائر فورس کے پاس ایسے تربیت یافتہ پائلٹ اور دوسرا گراؤنڈ کریو(عملہ)نہیں جو چینی فضائیہ کا مقابلہ کر سکیں۔

اس خط کے چند دن بعد نہرو نے ایک اور خط بھی کینیڈی کو لکھا جس میں مزید ساز و سامان جنگ اور امریکی پرسانل بھجوانے کی درخواست کی گئی تھی۔ ایک امریکی لڑاکا سکواڈرن میں کئی جیٹ طیارے ہوتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ انڈیا، امریکہ سے 10ہزار (10,000) آفیسرز اور اہلکار مانگ رہا تھا جو اس فضائی امداد کی آپریشنل اور لاجسٹک سپورٹ کے لئے درکار تھے۔

امریکہ میں انڈین سفیر کا نام بی کے نہرو تھا جو پنڈرت جواہر لال نہرو کا عم زاد تھا۔ اس نے جب نہرو کا خط(بنام کینیڈی) دیکھا تو حیران و پریشان ہو گیا۔ خط کے مندرجات اتنے حساس نوعیت کے تھے کہ سفیر نے اپنے کسی اور رفیقِ کار کو وہ خط نہ دکھایا اور اس کی کاپیاں اپنے دفتر کی الماری میں مقفل کر دیں۔ انڈو چائنا وار کے کئی برس بعد بی کے نہرو نے ایک امریکی مصنف کو وہ خط دکھایا اور کہا: ’’پنڈت جی نے جب یہ خط بھیجا تھا تو شکست کا خوف ان کے اعصاب پر بری طرح سوار تھا‘‘۔

جیسا کہ اوپر لکھا گیا یہ جنگ اکتوبر 1962ء میں شروع ہوئی تھی اور یہ ہندوستان کی خوش قسمتی تھی کہ چین نے نومبر 1962ء میں یک طرفہ طور پر جنگ بند کر دی۔ تاہم بعض سرحدی معاملات پھر بھی بھارت اور چین کے درمیان لاینحل رہے اور آج تک لاینحل چلے آرہے ہیں۔

صدر امریکہ کینیڈی کی تمام تر توجہ ان ایام میں کیوباکے بحران پر مرکوز رہی لیکن یہ انڈیا کا بحران بھی ایسا تھا کہ بعد میں صدر امریکہ نے اپنے ایک اہلکار کو کہا: ’’ایشیاء کے ان دونوں ممالک کی آبادیاں کروڑوں میں تھیں اور ایک ہمہ گیر (All out) جنگ کا خطرہ موجود تھا جو اپنی سنگینی اور حساسیت کے اعتبار سے کیوبا کی جنگ کے خطرے سے کم نہ تھا۔‘‘

اسی دوران دنیا کو ایک اور بڑے بحران کی بھی خبر نہ تھی۔۔۔ امریکہ، تبت میں چین کے خلاف ایک انتہائی خفیہ آپریشن میں مصروف تھا۔ یہ آپریشن صدر کینیڈی کے پیشرو، صدر آئزن ہاور کے دور میں شروع ہوا تھا۔ 1949ء میں جب چین آزاد ہوا تھا تو تبت کی ساورنٹی کا مسئلہ بھی سامنے آیا تھا۔ تبت صدیوں سے چین کا حصہ چلا آ رہا تھا۔ اس کا رقبہ 5لاکھ مربع میل ہے یعنی مغربی یورپ کے رقبے کے برابر ۔ یہ علاقہ خشک، سرد اور ہموار ہے۔ اس کے جنوب میں کوہ ہمالیہ اور کوہ قراقرم واقع ہیں۔

آبادیاں آج بھی خال خال ہیں اور 1950ء میں تو اور بھی کم تھیں۔ برطانوی دور میں اگرچہ انگریزوں نے تبت میں دو جنگیں لڑی تھیں جن کو افیون وارز (Opium Wars) کہا جاتا ہے، پھر بھی یہ تسلیم کر رکھا تھا کہ تبت، چین کا حصہ ہے اور کوئی الگ ملک نہیں۔ 1720ء میں دنیا کا جو نقشہ بنایا گیا تھا اس میں بھی تبت کو چین کا حصہ دکھایا گیا تھا۔لہٰذا جب 1949ء میں چین کو رسمی طور پر آزادی ملی تو اس نے تبت کو چین میں ضم کرنے کی کوششیں شروع کر دیں۔

19ویں اور 20ویں صدی میں دو برطانوی سفارتکاروں نے چین اور برطانوی ہند کے درمیان جو سرحدی لائنیں نقشوں پر کھینچیں ان میں سے ایک کا نام میک موہن لائن تھا اور دوسری کا جانسن لائن تھا۔ یہ دونوں لائنیں تبت اور انڈیا کے مابین سرحد کا کام دیتی تھیں۔ میک موہن لائن انڈیا اور نیفا (NEFA) کے درمیان تھی اور جانسن لائن اقصائے چین اور چین کے درمیان تھی۔

اقصائے چین کا علاقہ انڈیا اور چین کے درمیان متنازعہ تصور ہوتا تھا۔ انڈیا اسے لداخ (کشمیر) کا حصہ سمجھتا تھا اور چین اسے اپنے تبت کا ۔۔۔اور یہ تنازع ابھی تک جوں کا توں چلا آ رہا ہے۔

صدر آئزن ہاور (جن کو آئیک بھی کہا جاتا ہے) کو جب کوریا کی جنگ (1950-53ء) میں چین کے ہاتھوں پسپائی کا سامنا ہوا تو آئیک نے CIA کو حکم دیا کہ وہ تبت میں چین کے خلاف مزاحمتی تحریک کی حمائت کا بندوبست کرے۔ چنانچہ بہت سے تبتی باشندوں کو کلوریڈو (امریکہ) میں لے جا کر مسلح مزاحمتی کارروائیوں کی ٹریننگ دی گئی اور ان کو پیراشوٹ کے ذریعے تبت میں ڈراپ کیا گیا۔ پیراشوٹ ہی کے ذریعے ان کو اسلحہ ، بارود اور راشن پانی بھی پہنچایا جاتا رہا۔

یہ کتاب، بروس ریڈل کی واحد تصنیف نہیں۔ اس نے چند اور کتابیں بھی لکھی ہیں اور اس کی تحریروں میں بلا کی بے ساختگی اور پروفیشنل مہارت پائی جاتی ہے۔ وہ 30برس تک CIA میں کئی ذمہ دار مناصب پر کام کرتا رہا اور یکے بعد دیگرے چار امریکی صدور نے اس کو انٹیلی جنس امور میں اپنا مشیر بنائے رکھا۔ وہ جنوبی ایشیا (پاکستان اور انڈیا) اور مشرق وسطیٰ کے حالات و واقعات کا بالخصوص ماہر ہے۔

وہ آج بھی بروکنگر انسٹی ٹیوشن میں اپنا تشکیل کردہ ایک انٹیلی جنس ادارہ چلا رہا ہے۔ اس کو CIA کے خفیہ آپریشنوں کی دستاویزات تک رسائی حاصل رہی اور اسی وجہ سے وہ امریکی صدور کے ان مشیروں میں شامل رہاجو کسی بھی صاحبِ اقتدار حکمران کی آنکھیں اور کان کہلاتے ہیں۔ جب 1962ء میں انڈو چائنا جنگ ہوئی تو گال برائتھ (Galbraith) نئی دہلی میں امریکی سفیر تھا۔ کینیڈی کے ساتھ اس کی دوستی مشہور تھی اور صدر امریکہ اس کے مشوروں کو نہ صرف پسند کیا کرتا تھا بلکہ ان پر عمل پیرا بھی رہتا تھا۔

پاکستان اور بھارت 1947ء میں اپنی آزادی کے بعد ہی سے ایک دوسرے کے حریف چلے آ رہے ہیں۔ امریکہ نے ماضی ء قریب کے علاوہ ہمیشہ دونوں ملکوں کے ساتھ بنائے رکھنے کی روائت اپنائے رکھی۔

پاکستان کے ساتھ بہتر دوستی کی وجوہات میں پاکستان کا امریکہ کے لئے وہ دستِ تعاون تھا جو ہم نے اس کی طرف بڑھایا۔ یہ تعاون خاص طور پر سوویٹ یونین اور چین کی جاسوسی کے ضمن میں جاری رہا۔ پشاور کے نزدیک بڈابیر اور ڈھاکہ کے نزدیک کرمی ٹولا کے فضائی مستقر ہم نے یو۔2 طیاروں کی پروازوں کے لئے امریکہ کو دیئے رکھے۔

بروس ریڈل کی اس کتاب میں نہ صرف یہ کہ امریکہ، پاکستان، انڈیا کی مثلث کے اس دور کے واقعات پر ایک بے لاگ تبصرہ کیا گیا ہے بلکہ انڈوچائنا وار کے بعد سے لے کر عصرِ حاضر تک بھی پاک امریکہ تعلقات کا ایک مختصر سا جائزہ کتاب کے آخری حصے میں دیا گیا ہے۔ اس کتاب میں کئی مقامات پر آپ بروس ریڈل کے تجزیئے سے اتفاق نہیں کریں گے۔

لیکن ریڈل نے جو کچھ لکھا ہے وہ ایک امریکی مصنف کے طور پر لکھا ہے۔ اس کو اپنے وطن کی طرف داری عزیز ہے نہ کہ پاکستان کی۔ نہرو کی غیر جانبداری کا تذکرہ کرتے ہوئے ریڈل نے بالکل ٹھیک لکھا ہے چونکہ برطانوی دور میں نہرو کو 13برس تک انڈیا کی برطانوی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑی تھیں اس لئے نہرو استعماریت کے خلاف تھے اور یہی وجہ تھی کہ انہوں نے دو قطبی (Bi-poler) دنیا میں امریکہ اور سوویت یونین کے علاوہ ایک تیسرے پاور بلاک کی بنیاد رکھی جس کو نام (NAM) یعنی ’’نان الائنڈ موومنٹ‘‘ کا نام دیا ۔

جب 1962ء میں کیوبا میں میزائلوں کے سوال میں کینیڈی اور خروشچیف کے درمیان ٹھن گئی تو کینیڈی نے اپنے دوست گال برائتھ کو انڈیا میں اپنا سفیر مقرر کرکے اس کو فری ہینڈ دیا اور کہا کہ انڈین حکومت کو وہ جو مشورہ بھی دے گا، صدر امریکہ اس کو سپورٹ کرے گا۔

(اور پھر انڈو چائنا وار میں یہی کچھ دیکھا گیا)۔ سفیر گال برائتھ نے اپنی ڈائری میں ایک جملہ یہ بھی لکھا ہے: ’’ایک ہفتہ کی اس شدید جنگ (چین بھارت جنگ) کے دوران نہ تو واشنگٹن سے مجھے کوئی ٹیلی فون کال موصول ہوئی ، نہ ٹیلی گرام، نہ خط اور نہ کوئی اور قسم کی رہنمائی۔۔۔‘‘

مصنف کا طرز تحریر نہ صرف ایک منجھے ہوئے سفارت کار کے فن سفارت کاری سے لگاؤ کا آئینہ دار ہے بلکہ فنِ جاسوسی میں بھی وہ جگہ جگہ ایسے واقعات کا تذکرہ کرتا چلا جاتا ہے کہ محسوس ہوتا ہے جیسے وہ خود ان واقعات کا ایک کردار رہا ہو بہت سے حیران کن واقعات کا ذکر کیا گیا ہے لیکن ہر واقعہ کے لئے اس کا سورس بھی کوٹ (Quote) کیا گیا ہے جس سے بروس ریڈل کی کثرتِ مطالعہ کا پتہ چلتا ہے۔ اس نے کم سے کم الفاظ میں زیادہ سے زیادہ معلومات اپنے قارئین تک پہنچانے کا جو اہتمام اس کتاب میں کیا ہے وہ پڑھنے کے لائق ہے۔

مزید :

رائے -کالم -