تعلیمی نظرثانی کمیٹی کا اجلاس ، سکولوں کی خستہ حال عمارتیں فوری مسمار کرنے کا حکم
لاہور(جنرل رپورٹر) ڈی سی لاہور صالحہ سعید کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی برائے ایجوکیشن کے اجلاس میں اے ڈی سی جی ، ڈی ایم او،سی ای او ایجوکیشن سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ڈی ایم او لاہور نے تعلیمی اہداف کے بارے میں ڈی سی لاہور کو بریفنگ دی۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ لاہور کو پنجاب بھر کی درجہ بندی میں ایک ماہ میں 14ویں سے6ویں پوزیشن پر لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں نئے واش روم بنائے جائیں گے اورجس کسی نے طالب علموں کے جعلی داخلے کیے اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ڈی سی لاہور نے ڈپٹی ڈی او ماڈل ٹاؤن کو فوری طور پر عہدہ سے ہٹانے کی ہدایت کی اورکوتاہی پرایک افسر و ملازم کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کی خطر ناک عمارتوں 24پوائنٹس کو اگلی میٹنگ سے پہلے مسمار کیا جائے اورتعلیمی اہداف کے کمزور ایریاز پر توجہ دی جائے۔