دین اسلام کی تعلیمات ’’ تکریم انسانی‘‘ پر مبنی ہیں،راغب نعیمی

دین اسلام کی تعلیمات ’’ تکریم انسانی‘‘ پر مبنی ہیں،راغب نعیمی

  

لاہور (نمائندہ خصوصی) جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ دین اسلام کی تعلیمات ’’ تکریم انسانی‘‘ پر مبنی ہیں۔ معاشرے میں امن کے قیام کے لیے ڈائیلاگ، مکالمہ کے کلچر کو فروغ دیا جائے۔ اسلامی ریاست میں تمام اقلیتوں کے جان ومال اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ مسلمانوں کی اہم ذمہ داری ہے۔

انتہاء پسندی سیاسی بنیادوں پر ہو یا مذہبی رویوں پر دونوں صورتوں میں انسانیت کے لیے زہر قاتل ہے۔

طاقت کے بل بوتے پر بات منوانے کے بجائے دلیل کا راستہ اختیار کیا جائے۔ تمام انسانوں کو آزاد زندگی گزارنے کا بنیادی انسانی حق حاصل ہے۔

کسی صورت بھی اس حق کو چھینا نہیں جا سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیروں پر بھارتی فورسز کے مظالم بھی آزاد جینے کے حق کی خلاف ورزی ہے۔ ان ٰخیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ میں7روزہ پیغام پاکستان آگاہی مہم کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار میں مولانا محبوب احمدچشتی، مولانا مسعود احمدسیالوی،مفتی محمد مدنی ، مفتی محمدہاشم رضوی، مولانا غلام مرتضیٰ نقشبندی،مولانا غلام یاسین قادری، مولانا محب الرسول،قاری غلام محی الدین ،صدر بزم نعیمیہ مولانا جنید خالق،سیکرٹری بزم نعیمیہ قاری سعید احمدسمیت دیگر جامعہ نعیمیہ کے ساتذہ وطلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ سات روزہ مہم کے دوران ڈاکٹر سرفرزا نعیمی انسٹی ٹیوٹ ، جامعہ ام اشرف جمال ، جامعہ غوثیہ اسلام آباد ، جامعہ سراجیہ نعیمیہ برائے طالبات اور دیگر مدارس میں ہونے والے پیغام پاکستان آگاہی سیمینار میں 2ہزار سے زائد طلبہ ، طالبات 200سے زائد معلمین ،معلمات اور مدرسین سمیت سینکڑوں علماء کرام شریک ہوئے۔ اس آگاہی مہم میں شرکا کو پیغام پاکستان بارے تفصیلی آگاہی دی گئی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -