سپریم کورٹ فیصل واڈا کے کفریہ کلمات کا نوٹس لے،اویس نورانی

سپریم کورٹ فیصل واڈا کے کفریہ کلمات کا نوٹس لے،اویس نورانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی )جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ فیصل واڈا نے کفریہ کلمات ادا کر کے پارلیمنٹ کا ممبر رہنے کا استحقاق کھو دیا ہے۔ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ فیصل واڈا کے کفریہ کلمات کا نوٹس لے۔ فیصل واڈا سے فی الفور استعفی لیا جائے۔ وفاقی وزراء کے گستاخانہ بیانات ناقابل قبول ہیں۔ ملکی سلامتی کے لئے قومی اتحاد برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزراء کے غیر ذمہ دارانہ بیانات انتشار پھیلا رہے ہیں۔ سیاسی استحکام کے بغیر کوئی جنگ نہیں جیتی جا سکتی اس لئے حکومت اپوزیشن کو نشانہ بنانے سے باز رہے۔وفاقی و صوبائی حکومتیں بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں طوفانی بارش سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور امداد کے لئے ہنگامی اقدامات کریں۔ پوری قوم بلوچستان کے مصیبت زدگان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ پاک بھارت کشیدگی کی اصل قیمت کشمیری ادا کر رہے ہیں۔ خطے کو تباہی سے بچانے کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ بھارت رسوائی اور پسپائی کا سارا غصہ مظلوم کشمیریوں پر نکال رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ مودی نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آ جائے گا۔ بھارت پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔ مودی کے خلاف بھارت کے اندر سے مخالفانہ آوازیں اٹھنا خوش آئند ہے۔ بھارتی میڈیا جنگی جنون کو ہوا دے کر امن دشمنی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا جوش کی بجائے ہوش سے کام لے۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔