شانگلہ پولیس میں سیاسی بنیادوں پر تبادلے کئے جارہے ہیں،سدید الرحمان
الپوری(ڈسٹرکٹ رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء حاجی سدیدالرحمان نے کہا ہے کہ شانگلہ پولیس میں سیاسی بنیادوں پر تبادلے کئے جارہے ہیں جوناقابل برداشت ہے،کسی کو اپنے سیاسی مقاصدحاصل کرنے کیلئے پولیس کااستعمال نہیں کرنے دیں گے۔شانگلہ پولیس کے سیاسی مداخلت پر تبادلے تحریک انصاف کی تبدیلی سرکار کے د عووں کی قلعی کھل گئی۔ڈی پی او شانگلہ روزانہ کی بنیاد پر سیاسی بنیادوں پر تبادلے کررہے ہیں۔وزیر اعلیٰ محمود خان اور انسپکٹر جنرل آف پولیس صورت حال کا نوٹس لیں کرتحقیقات کریں - ان خیالات کا اظہارحاجی سدیدالرحمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا کہ پولیس فورس کو غیر سیاسی بنانے والے آج اپنے وعدے سے مکر گئے ہیں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام سے اپنے وعدوں کو پورا کریں پولیس فورس کو اپنے سیاسی اور ناپاک عزائم کیلئے استعمال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے ۔معاشرے سے اس وقت تک جرائم کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی کسی مظلوم کو انصاف فراہم کیا جاسکتا جب تک پولیس فورس کو غیر سیاسی نہ بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی شخصیات آج پولیس فورس کو اپنے سیاست چمکانے کیلئے استعمال کررہے ہیں اور ایماندار پولیس نوجوانوں کو انتقام کا نشانہ بنارہے ہیں ۔تحریک انصاف حکومت کی تبدیلی صرف یوٹرن میں نظر آرہی ہے اور ووٹ لینے کیلئے عوام کو گمراہ کرکے آج اپنے وعدوں سے مکر گئے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی خیبر پختونخواہ محمود خان عوام سے اپنا کیا گیا وعدہ پورا کریں اور پولیس فورس کو غیرسیاسی بنائے ۔حاجی سدیدالرحمان نے ا نسپکٹر جنرل آف پولیس سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شانگلہ پولیس میں سیاسی اثروسوخ پر کئے جانے والے تبادلوں کے خلاف تحقیقات کرکے فوری منسوخ کیا جائے۔۔