اخلاقی اور سفارتی محاذ پر پاکستان نے فتح حاصل کرلی ہے،معظم بٹ ایڈوکیٹ

اخلاقی اور سفارتی محاذ پر پاکستان نے فتح حاصل کرلی ہے،معظم بٹ ایڈوکیٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)لیگل ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف پاکستان نے کشیدہ صورتحال میں بھارت کے خلاف اپنائے جانے والے رویئے کو سراہتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اخلاقی اور سفارتی محاذ پر پاکستان نے فتح حاصل کرلی ہے جسکی گواہی دنیا بھر نے دی ہے تاہم انتہائی ضرورت اس امر کی باقی ہے کہ اپنی صفوں میں چھپے بیٹھے ان عناصر کیخلاف کاروائی کی جائے جو بھارت کی فنڈنگ سے انکی مرضی پر کام کررہے ہیں تاکہ بیرونی خطرات کیساتھ ساتھ اندرونی خطرات کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا جاسکے ۔گزشتہ روز پشاور میں لیگل ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کے زیر اہتمام(امن اورجنگ)کے موضوع پرمنعقدہ بحث مباحثے کی ایک بیٹھک میں کیا گیا ۔ اس مباحثے میں ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین معظم بٹ ایڈوکیٹ ، بورڈ آف ڈائریکٹر سے شاہد الیاس ، چیف ایگزیکٹیو جینڈر افیئرز صائمہ ملک ، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سعید اللہ جان ، اور قبائل سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ بحث کا آغاز کرتے ہوئے معظم بٹ ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ بھارتی جنگی جنون کے جواب میں جو رویہ حکومت پاکستان اور افواج پاکستان نے اپنایا ہے وہ تاریخی ہے کیونکہ اس رویے نے پوری دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستان امن ملک سمیت اپنے ہمسائیہ ممالک اور ہر جگہ صرف امن کا خواہاں ہے ۔ بھارتی ونگ کمانڈر کی باعزت وطن واپسی یقینی بنا کر ہم نے دنیا کی نظروں میں اپنے وقار اور عزت میں اضافہ بھی کیا اور یہ بھی بتا دیا کہ ہم جنگ کرنے والے نہیں تاہم اگر کوئی ہماری اس خصوصیت کو کمزوری سمجھنے کی غلطی کریگا تو اسکو منہ توڑ جواب بھی دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں بیرونی سازشوں اور خاص طور پر اندرون خانہ ہونے والی سازشوں کو بھی دیکھنا ہوگا کیونکہ ہماری صفحوں میں ایسے میر جعفر اور میر صادق ہیں جو ہیں تو ہم میں لیکن کام بھارت کے لئے اس سے فنڈز لے کر کرتے ہیں ۔ ایسے عناصر کی سرکوبی اب ضروری ہوگئی ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان اور اسکے شہریوں کی زندہ دلی اور انسانیت پسندی کی معترف پوری دنیا ہوگئی ہے کیونکہ سب نے دیکھا کہ جنگی جنون کا مظاہرہ کرنے والے بھارت اور اسکے میڈیا نے انسانیت کی دھجیاں اڑا دیں جبکہ ہمارے پاکستانی میڈیا نے ایسے سخت حالات میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کیا ۔ بیٹھک میں شریک دیگر شخصیات نے بھی موضوع پر سیر حاصل بحث کی اور اس چیز کو واضح کیا کہ پاکستان میں بسنے والے چاہے انکا تعلق کسی بھی صوبے سے ہو اور چاہے وہ کوئی بھی زبان بولتے ہوں آپس میں متحد ہیں اور ملک کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے ہر وقت تیار ہیں ۔ اس لئے بھارت بھی ہوش کے ناخن لے اور اپنی حرکتوں سے باز رہے نہیں تو پوری قوم افواج پاکستان کیساتھ کھڑی ہے اور منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔