پاکستان کو معاشی طور پرمستحکم بنانا اولین ترجیح ، عارف علوی

پاکستان کو معاشی طور پرمستحکم بنانا اولین ترجیح ، عارف علوی

  

لاہور( این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو خودمختار اور معاشی طور پر مستحکم ملک بنانا اولین ترجیح ہے،پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی یقینی بنانے کیلئے مختلف ملکوں کے ساتھ دو طرفہ آزاد تجارتی معاہدوں کیلئے بات چیت جاری ہے ، حکومت غربت کے خاتمہ ، ماحولیاتی تحفظ، انسانی وسائل میں سرمایہ کاری، ایس ایم ایز اور خصوصا زراعت پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس کے ایمبیسڈر ڈنر- 2019ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد ،صدر لاہور چیمبر الماس حیدر ،سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل ،سابقہ صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، پچاس سے زائد ممالک کے سفیروں اور نمائندگان سمیت اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ساز گار کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔حکومت کی جانب سے مختلف ملکوں کے ساتھ دو طرفہ آزاد تجارتی معاہدوں کیلئے بات چیت جاری ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی مختلف ملکوں کی مارکیٹوں تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔ سیفٹا اور جی پی ایس پلس سکیم کے تحت ، جنوبی ایشیا اور یورپی ممالک میں پاکستانی برآمدات میں اضافے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹر کو انکی مصنوعات کی مارکیٹنگ میں مدد کرنے اور عالمی منڈی تک رسائی فراہم کرنے کیلئے، ٹی ڈیپ کو ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے مختلف سرگرمیاں جیسے تجارتی نمائشیں اور تجارتی وفود کا انعقاد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -