پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو مار بھگایا ، کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ ، گولہ باری جاری پاک فوج کی جوابی کارروائی

پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو مار بھگایا ، کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ ، گولہ ...

  

کراچی(سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)پاک بحریہ نے دشمن کی ایک اورچال ناکام بنادی، پاک بحریہ نے اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آبدوز کاسراغ لگاکر داخل ہونے سے روک دیا،پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی فوٹیج بھی جاری کردیں ۔تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی آبدوز کی جانب سے سمندری حدود کی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا۔بھارت کو فضا کے بعد سمندری محاذ پر بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی بحریہ کی آبدوز نے رات کی تاریکی کا سہارا لیا اور پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن نیلے پانیوں کی محافظ پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو پاکستان کی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔ ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے سامنے بھارتی بحریہ کی ہر خفیہ چال ناکام رہی اور آبدوز دم دبا کر بھاگ نکلی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے اعلی پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ہر دم چوکنا رہتے ہوئے بھارتی آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام بنادیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امن قائم رکھنے کی حکومتی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا جو پاکستان کی امن پسندی کا غماز ہے ورنہ ایک بٹن دباتے ہی بھارتی آبدوز تباہ ہو جاتی، اس واقعہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے بھارت کو بھی امن کی طرف راغب ہونا چاہیے، پاک بحریہ کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس بھارتی آبدوز کا سراغ لگا لینا بھارتی بحریہ کی ناکامی ہے، نومبر 2016 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب پاک بحریہ نے بھارتی آبدوزکا سراغ لگایا۔یہ اہم کارنامہ پاکستان نیوی کی اعلی صلاحیتوں کامنہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لئے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی فوٹیج بھی جاری کردیں ہیں ، کموڈور(ر)عبیداللہ نے کہاکہ پاک بحریہ ایک بٹن سے بھارتی آبدوز کو سمندر کی تہہ میں دفنا سکتی تھی لیکن پاک بحریہ نے پاکستان کی امن کی پالیسی کے وژن کو آگے بڑھایا۔ بھارتی آبدوز ایک سال پرانی ہے، نومبر2017 میں تیارکی گئی ہے۔دریں اثناپاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آ رنے لائن آف کنٹرول پر گزشتہ 24گھنٹوں کی صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران صورتحال قدرے بہتر ر ہی ہے۔بھارتی فوج نے ہاٹ سپرنگ سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنا یا جس کے باعث گاؤں دارا شیر خان کا شہری شرافت زخمی ہو گیا۔پاک فوج نے فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیو کو موثر جواب دیا۔واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے مختلف سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی ۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ یہ وقت اکٹھے ہونے کا ہے اب صرف پاکستان کا بیانیہ چلے گا۔ مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ کسی کے دباؤ کے تحت فیصلے نہیں کرتے، جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو کا لعدم قرار دینے کا فیصلہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت جنوری میں ہو چکا تھا۔ پاکستان گزشتہ 15 برس سے کامیابی سے جنگ لڑ رہا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر تناو موجود ہے ، بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی جاری ہے، پاک فوج اس وقت مکمل طور پر چوکس اور دفاع کیلئے تیار ہے ، فوج اسی لئے ہوتی ہے کہ جب جارحیت کی جائے تو اس کا جواب دے، افواج پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کودیکھنا ہوگا کہ وہ کہاں تک جانا چاہتے ہیں ، اس سے اگلا پوائنٹ بہت دور تک جائے گا اور مشکل ہوگا ، پاکستان نہیں چاہتا کہ خطے کا امن متاثر ہو، عالمی برادری پاکستان اور بھارت کے درمیان امن دیکھنا چاہتی ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے لئے جن پوائنٹس پر عمل کرنا تھا وہ بھی کیا جارہاہے ، یہ سب کچھ ہم اپنے مفاد کیلئے کررہے ہیں،جب دل و دماغ کی سرجری کی جارہی ہوتو اس وقت باقی اعضاء کو نہیں چھیڑا جاتا ، ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور اب جب ہم نے یہ کام کرلیاہے تو اب باقی چیزوں کودیکھا جارہاہے۔ان کا کہنا تھا کہ سول ، ملٹری لیڈر شپ میں ہم آہنگی ہے اور پاکستان نے اس طرف جاناہے کہ ہم نے اپنے تمام مسائل کاحل کرنا ہے ، اس میں کسی کوشبہ نہیں ہونا چاہئے ، ان کا کہنا تھا کہ میر ی خواہش ہوگی کہ رائے عامہ بنانے والوں کو اس بات سمجھانا چاہئے کہ یہ متحد ہونے کا وقت ہے ، ہم سب مل نظام کو بہتر کرینگے ، نظام بہتر ہوگا تو پاکستان کو فائدہ ہوگا ، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو وہاں لیکر جائیں گے جہاں ہماراحق بنتاہے، جن لوگوں کوگرفتار کیا گیا ہے دوسری طرف بھارتی فوج نے پاکستان کا غلطی سے سرحد پار کرنے والا ایک ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعوی کیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ نے اپنے ذرائع کی شناخت مخفی رکھتے ہوئے بتایا کہ راجھستان میں پاکستان اور بھارت کی سرحد کے قریب بیکانیر کے مقام پر ایک پاکستانی ڈرون طیارہ مار گرایا گیا۔ پاکستانی ڈورن گرانے کے لیے بھارت نے 'سخوئی30' طیارے کا استعمال کیا جس نے فضا سے زمین پر مارنے والے میزائل سے ڈورن کو نشانہ بنایا۔خبر رساں ادارے 'پریس ٹریسٹ آف انڈیا' کیمطابق پاکستان کی طرف ڈرون طیارہ بھیجنے کی چھ دنوں میں یہ دوسری کوشش ہے۔

آبدوز فرار

مزید :

صفحہ اول -