’’پینٹ ڈارک بلیو، نیلی شرٹ ‘‘ پنجاب پولیس کی یونیفارم تبدیل کرنے کی منظور

’’پینٹ ڈارک بلیو، نیلی شرٹ ‘‘ پنجاب پولیس کی یونیفارم تبدیل کرنے کی منظور

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پولیس یونیفارم تبدیل کرنے کی منظوری دے دی،نئے مالی سال سے پولیس کی یونیفارم تبدیل ہو جائے گی۔نئی یونیفارم میں پینٹ ڈارک بلیواور شرٹ بلیو ہوگی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے کی زیرصدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں نئے یونیفارم کی منظوری دی گئی۔اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ دس برس کے دوران سابق حکومت نے پولیس کو گاڑیاں اور دیگر ضروری سامان نہیں مہیا کیالیکن موجودہ حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے پولیس کی ضروریات کو پورا کرے گی۔عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس نظام میں اصلاحات لا کر اسے عوامی پولیس بنائیں گے اورپنجاب پولیس پورے پاکستان میں رول ماڈل بنے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام کی امنگوں پر پورا اترنا ہے لہٰذاپولیس کو عوام کی خدمت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہئے جبکہ پولیس کو اپنے رویوں کو بہتر بنا کر عوام کو تبدیلی کا احساس دلانا ہے کیونکہ سائل سے اچھا رویہ اس کی آدھی پریشانی دور کر دیتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ پولیس ہفتہ خوش اخلاقی منائے اور میں خود آپ کیساتھ سڑک پر کھڑا ہو کر ہفتہ خوش اخلاقی میں شرکت کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ تھانوں اور دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کمپلینٹ اتھارٹی اور صوبائی سیفٹی کمیشن بھی قائم کئے جائیں گے اورپولیس خدمت مراکز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں خدمت مراکز کو تحصیل کی سطح پر بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خدمت مراکز کو تحصیل کی سطح پر بڑھانے کے پروگرام پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا جبکہ73 پولیس تھانو ں کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کریں گے اورڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں خدمت کاؤنٹرز کے قیام کے بعد ان کا دائرہ کار تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں تک بڑھایا جائے گا۔پولیس کی تربیت کیلئے ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، ساہیوال اور بہاولپور میں نئے ٹریننگ سنٹرز بنیں گے۔نئے ٹریننگ سنٹرز پر کام کا آغاز اگلے مالی سال سے ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پولیس کی پرانی گاڑیوں کی جگہ نئی گاڑیاں خریدنے کیلئے قابل عمل طریقہ کار کا ماڈل وضع کیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پولیس کے افسر اور اہلکار اپنی دلیر افواج کیساتھ کھڑے ہیں اورموجودہ حالات میں سکیورٹی فورسز کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔وزیراعلیٰ نے پولیس خدمت مراکز کی موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کیا۔انہوں نے پولیس شکایت سنٹر کا دورہ کیااور شکایت سنٹر میں شہریوں کی شکایات کے ازالے کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رحیم یار خان کے علاقے میں ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں سب انسپکٹر محمد ارشد اور کانسٹیبل محمد صادق کی جرأت اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کے بارے میں ڈی پی او رحیم یار خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے مدعی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -