عمران اینڈ کمپنی عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی‘ راشد ربانی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے نائب صدر و معاون خصوصی وزیراعلیٰ راشد حسین ربانی، ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند اور سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں دن بہ دن اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران اینڈ کمپنی عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے ‘بجلی ،گیس ،ایل پی جی ، پیٹرول سمیت دیگر اشیا میں ہوشربااضافہ سے غریب عوام مہنگائی کی چکی تلے پستی جارہی ہے ‘ پی ٹی آئی کی نالائق حکومت کو کب سمجھ آئی گی کہ کسی بھی اشیا کی اضافی قیمت سے اس سے منسلک ہزاروں چیزیں متاثر ہوتی ہے جس سے عوام کا براہ راست تعلق ہوتا ہے جبکہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کو غریب سے زیادہ نوبل پرائز اور ان کے وزراؤں کو چمچہ گیری کی پڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں قابلیت صرف ان کے لیڈر کی جھوٹی تعریفیں اور جھوٹے پروپیگنڈے تک ہی محیط ہے جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا جاتا ہے جب کم کرنے کی بات آتی ہے تواس پر بھی عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ماراجاتا ہے اور روپے سے پیسوں میں کمی کر کے فخر محسوس کیا جاتا ہے۔ پی پی پی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کی عوام جان چکی ہے کہ باتوں کے پہاڑ بنانے والوں سے کام کی توقع بیوقوفی ہے کیونکہ پی ٹی آئی کی حکومت کو صرف ایک ہی کام آتا ہے اور وہ صرف باتیں ہیں۔