مبارک ویلیج نے پالس ریسکیو فٹبال ٹورنامنٹ 2019 جیت لیا

مبارک ویلیج نے پالس ریسکیو فٹبال ٹورنامنٹ 2019 جیت لیا

  

لاہور(پ ر) پالس ریسکیو فٹبال ٹورنامنٹ 2019 میں ناقابل شکست رہنے والی ٹیم مبارک ویلیج نے فائنل میچ جیت لیا۔ فائنل میں مبارک ویلیج کا سامنا ہاکس بے کمبائن کی ٹیم سے ہوا جو عبدالرحمان گوٹھ کے بلیجی گراؤنڈ پر کھیلا گیا جسے مبارک ویلیج کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا۔ میچ کا واحد گول مبارک ویلیج کے گوہر خان کی جانب سے کیا گیاجو انہوں نے میچ کے پہلے ہاف میں کیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم ہاکس بے کمبائن کے کھلاڑی گول کرنے میں ناکام رہے۔ فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور اکلوتا گول کرنے والے گوہر خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ اختتامی تقریب میں محمد نعیم کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ جبکہ بابا دوشی کو ٹورنامنٹ کے بہترین کیپر کا ایوارڈ ملا۔ دونوں کھلاڑی مبارک ویلیج کی نمائندگی کررہے تھے۔ اختتامی تقریب میں علاقائی رہنما، سرکاری حکام، منتخب نمائندے اور کھیلوں کے شوقین افراد نے شرکت کی۔ فائنل میچ کے بعد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں فاتح ٹیم کو ٹرافی دی گئی اور نقد انعامات دیئے گئے۔ پالس ریسکیو کے بانی و پریذیڈنٹ رضا صمد نے کہا، "مقامی لوگوں میں فٹ بال انتہائی پسندیدہ کھیل ہے ۔ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ہمارے لئے انتہائی شاندار تجربہ رہا ہے کیونکہ اس سے متعلقہ تمام لوگوں پر غیرمعمولی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ ہمیں خوشی ہے کہ پالس ریسکیو نے اس سرگرمی کے ذریعے لوگوں کو اکھٹا کرنے کے اعتبار سے اہم کردار ادا کیا ہے اور مختلف سطح پر مقامی لوگوں کی شمولیت میں سہولت فراہم کی ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ پالس فٹ بال ٹورنامنٹ ان نوجوانوں کے لئے سالانہ تفریح کا بھی باعث ہوگا۔"

پاکستان کے نجی شعبے میں لوگوں کو سمندر میں ڈوبنے سے بچانے کاکام کرنے والے واحد فلاحی ادارے پاکستان لائف سیونگ فاؤنڈیشن (پالس ریسکیو) کی جانب سے کراچی کی ساحلی پٹی پر واقع نوجوان ماہی گیروں کے لئے پہلے پالس فٹ بال ٹورنامنٹ 2019کا 25فروری سے آغاز ہوا ۔ اس ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیموں نے شرکت کی جن کے مابین مجموعی طور پر سات میچز کھیلے گئے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -