جے ایس بینک گرین کلائمنٹ فنڈ کا پہلا تسلیم شدہ مالیاتی ادارہ بن گیا

جے ایس بینک گرین کلائمنٹ فنڈ کا پہلا تسلیم شدہ مالیاتی ادارہ بن گیا

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جے ایس بینک پاکستان کا پہلا مالیاتی ادارہ بن گیا ہے جو دنیا کے سب سے بڑے کلائمنٹ فنڈ ’’گرین کلائمنٹ فنڈ‘‘ (جی سی ایف) کی جانب سے تسلیم شدہ ہے۔ فنڈ کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کی روک تھام کے پروگراموں میں سرمایہ کاری کے ذریعے گرین ہاؤس گیس (جی ایچ جی) کے اخراج کو محدود یا کم کرنے کیلئے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں نجی شعبہ کی کارپوریشنوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ایک تسلیم شدہ ادارہ کی حیثیت سے جے ایس بینک فی منصوبے کے لئے 250 ملین امریکی ڈالر تک کی فنڈنگ کیلئے درخواست دینے کا اہل ہوگا۔ اس وقت فنڈ کے دنیا بھر میں 102 فعال منصوبے ہیں اور اس نے 10.3 ارب ڈالر کی رقم کا عہد کر رکھا ہے۔ جے ایس بینک ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں معاونت کے لئے نجی شعبہ کے سرمایہ کاروں سے اضافی فنڈز کو بھی متحرک کر سکتا ہے۔ مقامی اور بین الاقوامی فنڈنگ کی نئی راہیں کھولنے کے علاوہ بینک پاکستان میں ماحولیاتی موافقت اور کم سے کم فنانسنگ کیلئے اعانت میں شریک ہو سکتا ہے۔ یہ منظوری جے ایس بینک کے جی سی ایف کے سخت معیار پر مبنی تھی جس میں فکری معیارات، ماحولیاتی و سماجی سیف گارڈز اور ماحولیاتی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر وضع کی گئی اہلیت شامل ہیں۔ گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس 2018ء کے مطابق پاکستان ساتواں کمزور ترین ملک ہے جسے طویل المدتی ماحولیاتی خطرات درپیش ہیں۔ لہذا ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو ختم کرنے کے لئے متعدد اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔ پاکستان کے 172 شہروں میں اپنی موجودگی کے ساتھ جے ایس بینک پائیدار ترقی کے لئے مضبوط عزم رکھتا ہے اور صارفین، کلائنٹس، کاروباروں اور حکومت کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے پیش آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے کام جاری رکھے گا۔ بینک کے پاس صاف توانائی، توانائی کی بچت، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ماحولیاتی اور سماجی اقدامات اٹھائے جانے کا بہترین ریکارڈ موجود ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -