علاقے میں بھارت کی اہمیت ختم ہو تی جارہی ہے،حافظ عاکف سعید

علاقے میں بھارت کی اہمیت ختم ہو تی جارہی ہے،حافظ عاکف سعید

  

کراچی(پ ر)بھارت پلوامہ جیسا واقعہ خود کرکے تحریک آزادئ کشمیر کو سبوتاژکرنا چاہتا ہے ۔یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس پر ہونے والے کار بم حملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کا بغور مطالعہ کرنے والے خوب جانتے ہیں کہ علاقے میں بھارت کی اہمیت ختم ہو تی جارہی ہے جبکہ پاکستان کی اہمیت بڑھ رہی ہے ۔ امریکہ افغان طالبان مذاکرات کا اگلا دور پاکستان میں ہونے جارہا ہے ۔متحدہ عرب امارات کے بعد اب سعودی عرب کے ولی عہد بھی پاکستان کا دورہ کرنے جار ہے ہیں ۔سی پیک سمیت چین اور پاکستان کے درمیان معاہدوں پر عمل درآمد میں بھی پیش رفت ہو رہی ہے ۔یہاں تک کہ روس بھی پاکستان کے ساتھ دفاعی اور دیگر امور میں معاہدے کر رہاہے ۔ یہ بات بھی پیش نظر رہے کہ بھارت میں اس سال ہونے والے الیکشن میں بی جے پی کی پوزیشن انتہائی کمزور دکھائی دیتی ہے ۔ یہ تمام باتیں اس جانب اشارہ کرتی ہیں کہ بھارتی حکومت آنے والے الیکشن میں کامیابی اور علاقائی سطح پر اپنی ساکھ بحال کرنے کے لیے victim cardاستعمال کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اگر صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بن چکا ہوتا تو بھارت کو کشمیریوں پر مظالم ڈھانے اور false flagحملے کرکے الزام پاکستان پر لگانے کی کبھی جرأت نہ ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن ی سلمان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کا ثبوت ہونے کے علاوہ اس بات کی بھی دلیل ہے کہ دونوں ممالک میں تعاون بڑھ رہا ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ روئے زمین پر 58مسلم ممالک ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں اور دنیا پرستی اور تعیش کی روش چھوڑ کر امت واحدہ کی صورت اختیار کریں تاکہ عالم اسلام کے خلاف دشمنانِ اسلام کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دیا جا سکے ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -