مودی سرکار الیکشن جیتنے کیلئے کشیدگی بڑھا رہی ہے،چوہدری سرور

مودی سرکار الیکشن جیتنے کیلئے کشیدگی بڑھا رہی ہے،چوہدری سرور

  

ٹوبہ ٹیک سنگھ،جھنگ،چنیوٹ، شور کوٹ (نمائندہ خصوصی، نمائندہ پاکستان) پاک بھارت بارڈر پر کشیدگی میں اضافہ مودی الیکشن جیتنے کی خاطر کررہا ہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عمران خان نے جنگی قیدی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کیا اور ملکی حالات و خطہ کی صورتحال کے پیش نظر امن کا پیغام دیکر پاکستان میں ایک پرامن ریاست منوایا ہے جس کو عالمی سطح پر سراہاگیا ہے۔بھارت سمیت پوری دنیا کے لوگوں کو پتہ چل گیا ہے کہ بھارت کشمیر میں نہتے لوگوں پر کئے جانے والے مظالم کو چھپانے کیلئے کسی بھی واقعہ کے بعد بغیر ثبوت پاکستان پر الزام تراشی کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دوران سبزی و پھل منڈی کے افتتاح،شورکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔انہوں نے مزید کہا کہ پلوامہ حملہ کے بعد مودی حالات کو جنگ کی طرف لے جارہا ہے۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر چوہدری محمد اشفاق ،ایم پی اے چوہدری سعید احمد سعیدی ،میاں کاشف اشفاق ،چوہدری رمضان پرویز ،ڈاکٹر کشف ریاض ،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری تنویر حسین ایڈووکیٹ ،انجمن آڑھتیاں سبزی منڈی کے صدر چوہدری محمد صدیق ،نائب صدر چوہدری افتخار الحق کسانہ ،پاکستان تحریک انصاف کے سٹی صدر عارف جانبازقاضی ،ڈپٹی کمشنر میاں محسن رشید ،ڈی پی او صادق علی ڈوگر ،سابق تحصیل ناظم میاں جاوید اقبال ،چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں شہزاد احمد ،سابق چیئرمین چوہدری غلام نبی مٹھو گجر ،میجر (ر) احمد نواز سمیت سیاسی و سماجی شخصیات ،کاروباری تنظیموں کے نمائندوں اور کسانوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاک بھارت بارڈر پر کشیدگی کے بعد انہوں نے عالمی سطح پر تین درجن سے زائد سیاسی و سماجی رہنماؤں ،اراکین پارلیمنٹ سے رابطے کئے ہیں ،سب نے وزیر اعظم عمران خاں کی طرف سے کشیدگی کے خاتمے کیلئے امن کے پیغام کو بے حد سراہا ہے ۔دریں اثناء گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے زرعی یونیورسٹی سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کا بھی مختصر دورہ کیا ،انہوں نے چوہدری محمد اشفاق اور چوہدری سعید احمد سعیدی سمیت علاقہ کے لوگوں کے مطالبہ پر سب کیمپس کو مکمل یونیورسٹی کا درجہ دینے اور علاقہ کو درپیش نہری پانی کی کمی کے مسئلہ کو بھی حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ،اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ڈپٹی کمشنر میاں محسن رشید اور ڈی پی او صادق علی ڈوگر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں پنجاب کے بہترین افسران قرار دیا ۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چنیوٹ کے ضلعی صدر پی ٹی آئی میاں شوکت علی تھہیم ایڈووکیٹ اور تحصیل صدر سردارذادہ محمد قائم رضا سید کی ملاقات موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

چوہدری سرور

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -