افغان طالبان سے مذکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے، امریکا

افغان طالبان سے مذکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے، امریکا
افغان طالبان سے مذکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے، امریکا

  

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ رابرٹ پلاڈینیو نے کہا ہے کہ افغان طالبان سے مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ افغان امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔

نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملا برادر کی قیادت میں طالبان وفد سے امریکی ٹیم افغان امن پر گفتگو کر رہی ہے اور امریکی ٹیم کی قیادت امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کر رہے ہیں۔

پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں پر کشیدگی کم کرنے کیلئے زور دیتے رہیں گے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اہم کردار ادا کیا۔

رابرٹ پلاڈینیو نے کہا کہ سیکرٹری مائیک پومپیو کشیدگی کم کرانے کیلئے سفارتی محاذ پر دونوں ملکوں کی قیادت سے رابطے میں رہے۔ پاکستان اور بھارت کی جانب سے مزید فوجی کارروائی سے صورت حال زیادہ خراب ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ دونوں ملکوں کے ساتھ اعلیٰ سطحی رابطے میں ہے اور اس وقت پس پردہ سفارت کاری میں بہت کچھ ہو رہا ہے۔

مزید :

اہم خبریں -بین الاقوامی -