فضائی دراندازی کے بعد سمندری محاذپر بھی بھارت کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا:چوہدری فواد رسول بھلر

فضائی دراندازی کے بعد سمندری محاذپر بھی بھارت کو ناکامی کا منہ دیکھنا ...
 فضائی دراندازی کے بعد سمندری محاذپر بھی بھارت کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا:چوہدری فواد رسول بھلر

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات چوہدری فواد رسول بھلر نے کہا ہے کہ پاک بحریہ نے انڈین آبدوز کو پانی میں روک کر بھارت کو سمندری محاذ پر بھی ناکام کرکے پاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند کردیا ، فضائی دراندازی کے بعد سمندری محاذپر بھی بھارت کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ۔

چوہدری فواد رسول بھلر کاایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی دانشمندی کی ساری دنیا تعریفیں کر رہی ہے جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے بھارتی عوام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں لیکن ہندوستان کی عوام اب نریندر مودی کے دھوکے میں آنے والی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ  پاک بحریہ نے اپنے سمندری زون میں موجودبھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اپنی  اعلی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ہر دم چوکنا رہتے ہوئے اسے پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا اور بھارتی آبدوز کو اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام کر دکھایا ، پاک بحریہ اگر چاہتی تو پاک فضائیہ کی طرح کارروائی کرتے ہوئے انڈین آبدوز کو بھی پانی میں چکنا چُور کر سکتی تھی مگر حکومت کی امن پالیسی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو تباہ نہیں کیا ۔

چوہدری فواد رسول بھلر کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس واقعہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے امن کی طرف راغب ہونا چاہئے اور پاکستان سے جنگ کی خواہش کو ختم کردینا چاہئے ،پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لئے پاک بحریہ ہر وقت چاک و چوبند و تیار کھڑی اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پاک فوج نے سرحدوں پر اپنی بہترین کارکردگی دکھا کر ہمیشہ پاکستان کو ہر مقام پر سرخرو کروایا ہے،اسی طرح پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے بھی دشمن کو یکے بعد دیگرے ناکام کرکے نا صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے ، پوری قوم پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -