سردار الیاس تنویر سے مشہور چائینز کمپنی ’’گاذبو گروپ ‘‘کے وفد کی ملاقات ، پنجاب میں سرمایہ کاری بارے گہری دلچسپی کا اظہار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ سردار تنویر الیاس خان سے چائنہ کے وفد کی ملاقات ،ملک میں چینی سرمایہ کاری اور دونوں ملکوں کے باہمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال،چینی وفد کی پنجاب کےڈویلپمینٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے متعلق گہری دلچسپی کا اظہار۔
تفصیلات کے مطابق ایوان وزیر اعلیٰ میں پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان سے مشہور چائینز کمپنی ’’ گاذبو گروپ ‘‘ کے وفد کی ملاقات ہوئی ،گاذبو گروپ نے ملاقات میں پنجاب کےڈویلپمینٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے متعلق ضلع راولپنڈی میں رنگ روڈ اور نالہ لئی روڈ بلڈ آپریٹ میں دلچسپی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ گاذبو گروپ پنجاب کےمختلف ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ انفراسٹرکچر میں بہتری کی اشد ضرورت ہے، گاذبو گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہے تو پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ خوش آمدید کہے گا ۔انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم,موٹروے ای 35 جیسے پروجیکٹ یہ کمپنی کامیابی کے ساتھ مکمل کر چکی ہے،اس کےعلاوہ سیکھی کی کناری کواہلہ ، آزاد پتن، فیصل آباد موٹروے، ملتان موٹروے کا پروجیکٹ کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے والا ہے۔ملاقات میں چیئرمین راولپنڈی ڈویلپمینٹ اتھارٹی عارف عباسی، طارق عباس خان چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹریڈ لنک ،کرنل ریٹائرڈ ندیم ستی بھی موجود تھے۔چائنہ گاذبو گروپ کمپنی کے وفد نے پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے چئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ سردار تنویر الیاس خان کی طرف سرمایہ کاری میں تعاون پرشکریہ ادا کیا